• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ ، دہشتگردوں کی مالی مدد کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون شروع

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی، ایوب ناصر ) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے تحت ملک بھر میں منی لانڈرنگ کرنیوالوں ، دہشتگردوں کی مالی مدد میں سہولت فراہم کرنیوالوں ، کالعدم تنظمیوں ، حوالہ ہنڈی میں ملوث ڈیلرز اور دبئی میں جائیدادیں خریدنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پرکریک ڈائون شروع کر دیا گیا ہے، اعلی ٰ سطح ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ اور غیر قانونی رقوم کی ترسیل کے خلاف آپریشن پاکستان کسٹم ، ایف آئی اے ، کسٹم انٹلی جنس و انوسٹی گیشن ، کوسٹ گارڈز، انٹی نارکوٹکس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے کر رہے ہیں ، ان اداروں کو دیگر انٹلی جنس ایجنسیوں کی بھی معاونت حاصل ہے ، وزیراعظم عمران خان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں تک مالی رسائی کو روکنے کے لیے چھ رکنی کمیٹی قائم کی ہے ، وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور مشیر امور تجارت عبدالرزاق دائود شامل ہیں ، کمیٹی کی ہدایت پر غیر قانونی طور پر رقومات کی ترسیل کرنیوالوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے جس کے تحت کسٹم انٹلی جنس انوسٹی گیشن پشاور ایئر پورٹ سے دولاکھ برطانوی پائونڈ کی منی لانڈرنگ میں سہولت فراہم کرنیوالے ایف آئی اے کے انسپکٹر اور اس کے ساتھی کو گرفتا ر کر لیا گیا ، کسٹم انٹیلی جنس کے اعلی سطح کے ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے کا مذکورہ انسپکٹر پشاور ائر پورٹ پر ایک مسافر کو دو لاکھ پائونڈ کی منی لانڈرنگ میں سہولت فراہم کر رہا تھا ، دونوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ، کسٹم کے ذرائع کے مطابق ملک بھر کے ایئرپورٹس، بندرگاہوں ، بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر نفری بڑھا دی گئی ۔ ایف آئی اے کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں ڈائر یکٹر کانفرنس ہوئی جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے وزیر اعظم کے احکامات سے متعلق ملک بھر کے تمام ڈائر یکٹرز کو آگاہ کیا اور فوری طور پر حوالہ ہنڈی کا کاروبار کرنیوالوں ، منی لانڈررز ، پاکستان سے پیسہ چوری کر کے دبئی میں جائیدادیں خریدنے والوں اور غیر قانونی طور پر ڈی ٹی ایچ کاروبار کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کے احکامات دیئے گئے ، سٹیٹ بنک آف پاکستان نے بھی تمام بنکوںا ور مالیاتی اداروں کو ٹرانزکشن کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کر دی ہے ، فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ٹیم جنوری میں پاکستان آئے گی اور جنوری تک کی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی۔
تازہ ترین