• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بالآخر سردی آہی گئی، کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، علی الصبح خنکی کا راج ہے۔

کراچی میں سائبیریا کی ہوا چلنے سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے، شہر قائد میں صبح 7 بجے درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

علی الصبح روزی کے لیے گھروں سے نکلنے والے بالخصوص موٹر سائیکل سوار لیدر جیکٹس، اونی سوئٹرز میں نظر آنے لگے۔

گھروں میں بھی لحاف اور کمبل نکل آئے، ساتھ ہی شہر قائد کے گھر گھر میں موسم سرما کی بیماریوں نزلہ، زکام، کھانسی اور حلق کے امراض سے متاثرہ افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔

ادھر وسطی اور جنوبی پنجاب کے علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، دھند کے باعث ملتان خانیوال موٹر وے بند کر دی گئی، ترجمان موٹر وے پولیس نےڈرائیوروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور صبح کے اوقات میں کُہر پڑنے کا امکان ہے۔

ملتان، خانیوال، ساہیوال، ہڑپہ، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور دیگر شہر شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث ملتان خانیوال موٹر وےبند کر دی گئی،ڈرائیور حضرات کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران فوگ لائٹس استعمال کی جائیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولاکوٹ میں درجہ حرارت ایک،مظفرآباداور گلگت میں 2،اسلام آباد میں 3،پشاور میں 4، لاہور اور اسکردو میں درجہ حرارت 6، فیصل آباد میں 5، ملتان اور سیا لکوٹ میں 7، سکھر میں 8، حیدر آباد میں 12، گوادر میں 16 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دو سے تین روز کے دوران بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا جبکہ صبح کے اوقات میں کُہر پڑنے کا امکان ہے۔

تازہ ترین