پاکستان، چین اور افغانستان کے تین ملکی مذاکرات میں آج ہو رہے ہیں جن میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سہ ملکی مذاکرات میں شرکت کے لیے کابل پہنچ گئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورۂ افغانستان کے دوران چین اور افغانستان کی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دورۂ افغانستان کے دوران وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی کابل میں چینی ہم منصب سے باہمی ملاقات بھی ہوگی، پاکستانی وفد میں سیاسی، سول و عسکری حکام شامل ہیں۔
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے سہ ملکی مذاکرات کا آغاز خوش آئند ہے، چین اور پاکستان دونوں ممالک افغانستان کی بہتری اور وہاں امن و استحکام چاہتے ہیں۔
سہ فریقی مذاکرات کے پہلے دور میں افغانستان کی سیاسی صورت حال اور افغان طالبان سے مفاہمتی عمل کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی، دوسرے دور میں خطے میں تعاون جبکہ تیسرے دور میں سیکیورٹی تعاون پر گفتگو ہو گی۔
مذاکرات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین اپنے اپنے وفود کی قیادت کریں گے، تینوں وزرائے خارجہ کی افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات بھی ہوگی۔
واضح رہے کہ وزرائے خارجہ کی سطح پر سہ فریقی مذاکرات کا یہ دوسرا دور ہے، اس سے قبل پہلے سہ فریقی مذاکرات گزشتہ سال بیجنگ میں ہوئے تھے۔