• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سی این جی اسٹیشن کھلنے کے بعد دوبارہ بند

وزیراعظم کا ایکشن، وزرا کی ملاقاتیں،مشیروں کے بیانات ،سندھ میں ایک ہفتے سے جاری گیس بحران حل نہ کرسکے،کراچی میں گنتی کے چند سی این جی اسٹیشنز کھل گئے تاہم گیس کمپنی کی جانب سے انہیں بند کرا دیا گیا۔

کراچی میں سی این جی اسٹیشنز پر ساتویں روز بھی گیس کی فراہمی بند ہے، سی این جی کی عدم سپلائی پر ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بڑی بسیں، منی بسیں اور رکشہ بھی کھڑے ہیں،مسافروں کو ٹرانسپورٹرز سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے کہ وہ دفاتر کیسے جائیں۔

بہت سے افراد کہیں ضروری کام سے جانے کے لیے پٹرول پر چلانے والے رکشہ، ٹیکسی اور آن لائن ٹیکسی والوں کو زائد رقم دینے پر مجبور ہیں۔

سی این جی اسٹیشنز پر یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ورکرز بھی مشکل کا شکار ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کی وجہ سے دفاتر اور کام پر جانےوالوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی میں بعض مقامات پر سی این جی اسٹیشنز کھول دیے گئے، ان ہی میں سے عائشہ منزل پر کھلنے والے ایک سی این جی اسٹیشن پر طویل قطاریں لگ گئیں۔

ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کراچی میں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بند ہے، سوئی سدرن گیس کے علم میں آتے ہی یہ گیس اسٹیشن بند کرا دیا گیا ہے۔

سوئی سدرن گیس کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ از خود کھلنےوالےسی این جی اسٹیشنز کے خلاف ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل سوئی سدرن گیس کمپنی کے ترجمان نے یہ کہا تھا کہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی میں مزید دو دن لگیں گے۔

تازہ ترین