• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، پٹواریوں،تحصیلداروں کی تعیناتی،صوبوں سے رپورٹ طلب

لاہور(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے شہری علاقوں میں پٹواریوں اور تحصیلداروں کی تقرر کے معاملے پر چاروں صوبوں سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی کو عدالتی معاون مقرر کر دیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہری علاقوں میں پٹواریوں اور تحصیلداروں کے تقرر پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ شہری علاقوں میں پٹواریوں، تحصیلداروں اور پٹوار خانے کس قانون کے تحت کام کر رہے ہیں؟ چیف جسٹس پاکستان نے افسوس کا اظہار کیا کہ رشوت کا سب سے بڑا ناسور پٹواری ہیں، 9ویں اسکیل کے ایک پٹواری کیلئے اوپر سے سفارشیں آتی ہیں۔سپریم کورٹ بار کے صدر امان اللہ کنرانی نے انکشاف کیا کہ سی پیک میں بھی پٹواریوں کی وجہ سے مشکلات پیش آ رہی ہیں، پٹواریوں کی وجہ سے اتنا اہم اور بڑا منصوبہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے قرار دیا کہ یہ کم از کم اپنے لئے نہیں ،آنے والی نسلوں کیلئے سوچنا ہے۔ کے پی کے ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ شہری علاقوں میں پٹواری کام نہیں کر رہے جبکہ سندھ اور بلوچستان کے ایڈووکیٹ جنرلز نے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت مانگی،ازخود نوٹس پر آئندہ سماعت اسلام آباد میں ہوگی۔

تازہ ترین