کراچی (محمد ناصر) کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کی جانب پہلی بڑی پیشرفت کا آغاز ہوچکا ہے۔ سرکلر ریلوے کے راستوں پر آنے والی تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے لیکن یہ کارنامہ بھی سپریم کورٹ کے سر جاتا ہے۔ دوسری طرف سرکلر ریلوے کی تجاوزات تو ہٹائی جارہی ہیں لیکن وہاں ریل گاڑیاں کب چلیں گی اس کا کسی کو کچھ علم نہیں، سرکلر ریلوے کی بحالی میں اصل رکاوٹیں کیا ہیں ، کہیں اس کا انتظار لمبا تو نہیں ہوجائے گا۔ ریلوے اراضی وا گزار ہونے سے متاثرین کہاں بسائے جائیں گے ۔ تجاوزات ہٹانے سے اس وقت عوام کو کیا دشواریاں پیش آرہی ہیں؟۔ اس تمام صورتحال کو سامنے لانے کیلئے ”جیونیوز“ نے ایک خصوصی شو کا اہتمام کیا ہے جو اتوار کی شب8 بجکر5 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ ، تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ، ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید جمیل اور سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی فہیم زمان اس خصوصی پروگرام کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ اس کے علاوہ تجاوزات کے خاتمے سے بے گھر ہونے والے لوگوں کے خیالات سے بھی حکام بالا کو آگاہ کیا جائے گا۔ وجیہہ ثانی پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔