• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات، غلط پارکنگ اور خراب سگنل، ٹریفک جام نے شہریوں کو ذہنی مریض بنادیا

راولپنڈی(نمائندہ جنگ)راولپنڈی میں تجاوزات ختم کرنے کے نام پر ایسی تمام چیزوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں جو ٹریفک کے بہائو میں رکاوٹ نہیں بن رہیں جس کی وجہ سے شہر میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بنی ہوئی ہیں، منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے پر لوگوں میں چڑ چڑا پن اور جا بجا تکرار وجھگڑے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جب تک خراب اشارے درست، سڑکوں پر غلط پارکنگ کرنے والوں کو بھاری جرمانے، زیبرا کراسنگ پر عملدرآمد اور سڑکوں کو ریڑھی والوں کے قبضے سے آزاد نہیں کروایا جاتا محض تھڑے، چھجے اور بورڈ توڑنے سے ٹریفک کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا۔ شہریوں نے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر تجاوزات کیخلاف آپریشن مثالی بنانا ہے تو میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر اداروں کی مخصوص سیٹوں پر سالہا سال سے تعینات تمام بدعنوان عملہ تبدیل کیا جائے کیونکہ یہی وہ لوگ ہیں جن کی تجاوزات مافیا کو سرپرستی حاصل ہے۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ تجاوزات، غلط پارکنگ اور ریڑھیوں کے ساتھ ساتھ شہر کے متعدد خراب سگنلز بھی ٹریفک کے نظام کو متاثر کر رہے ہیں جنہیں ٹھیک کرنے کیلئے حکام کو درخواستیں دی گئیں مگر صورتحال بہتر نہ ہو سکی۔ مری روڈ، راول روڈ، سید پور روڈ سمیت دیگر علاقوں کے سگنل ایک عرصہ سے خراب ہیں ۔بہت سارے سگنلز کی مرمت نہیں ہو رہی جس کی وجہ سے خاص طور پر بارش کے دوران ٹریفک کا نظام شدید بدنظمی کا شکار رہتا ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں ۔
تازہ ترین