راولپنڈی(نمائندہ جنگ)ضلع راولپنڈی میں واقع سٹمپ ڈیوٹی ادا نہ کرنیوالی ہائوسنگ سوسائٹیوں کیخلاف کریک ڈائون کے دوران2کروڑ60لاکھ روپے کی ریکوری کر کے انٹرنل ٹرانسفر پر پابندی نہ کرنیوالی سوسائٹیوں کو نوٹس جاری کر دئیے گئے۔ ضلع میں اس وقت جتنی بھی ہائوسنگ سوسائٹیاں کام کر رہی ہیں ان کے مالکان کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ جب تک سٹمپ ڈیوٹی ادا نہ ہو وہ انٹرنل ٹرانسفر نہ کریں ۔پہلے مرحلے میں ان کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جوڈیشل مجسٹریٹ اور سب رجسٹرار اربن ون محمد اقبال سنگیڑا کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر ایسی تمام ہائوسنگ سوسائٹیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جو از خود ہی ٹرانسفر کر کے سٹمپ ڈیوٹی ادا نہیں کر رہی تھیں۔