• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کشمیر پر اتنی بے حس اور لاتعلق کیسے ہوسکتی ہے؟

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لگتا ہے بھارتی فوج کو کشمیر میں قتل و غارت کی کھلی چھوٹ ملی گئی ہے، دنیا کی ترجیحات میں کشمیر اہم نہیں لیکن وہ اتنی بے حس اور لاتعلق کیسے ہوسکتی ہے؟

پریس کانفرنس سے خطاب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے حالات پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھا ہے،اگر کشمیر ترجیح نہیں تو کم سے کم انسانیت کے خلاف مظالم اور ریاستی دہشت گردی پر تو دنیا آواز اٹھا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کا ایک ہی مقصد لگتا ہے کہ کشمیریوں کا قتل عام کیا جائے، ہر 17 کشمیریوں پر 1 فوجی تعینات ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرے،5 فروری کو کشمیر پر لندن میں عالمی کانفرنس کی تجویز ہے، سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ قومی اسمبلی میں کشمیر پر متفقہ قرارداد لائی جائے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارتی فورسز نہتے کشمیری مظاہرین پر فائرنگ کرکے انھیں قتل کررہی ہیں، 2016ء سے کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم میں شدت آگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی توجہ کشمیر میں ظلم و ستم پر مبذول کرانا چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو کشمیر کی صورت حال اجاگر کرنے کے لیے خط لکھا ہے،پاکستان سفارت خانے بھی متعلقہ ملکوں میں کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کو اجاگر کریں ۔

وزیر خارجہ نے یہ بھی کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ قومی اسمبلی میں کشمیر پر متفقہ قرارداد لائی جائے،کشمیر مشترکہ کاز ہے، پوری قوم کو یکجا اور متحد دکھائی دینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی جدوجہد میں عام لوگ، خواتین اور بچے شامل ہیں، اب بھارت کی بھی ایک بڑی آبادی ظلم کی پالیسی کے خلاف آواز بلند کر رہی ہے، کشمیر وہ خطہ ہے جہاں اِس وقت دنیا کی کسی بھی جگہ سے زیادہ فوجیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں پر بھارت میں سفری پابندیاں ہیں، پاکستان کیسے آسکتے ہیں، بھارت پاکستانیوں کو ویزے جاری کرنے میں بھی لیت و لعل سے کام لیتا ہے۔

تازہ ترین