• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ایشیا کپ : پاکستان کی میزبانی کیلئے بھارت نے حمایت کی ‘

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ 2020ء کے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دینے کی بھارت نے مکمل حمایت کی۔

ایک بیان میں پی سی بی چیئرمین نے ایشیا کپ 2020ء کی میزبانی ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ پاکستان کا ہی حق تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا میں آنے والی خبریں پتہ نہیں کس بنیاد پر سامنے آرہی ہیں، بھارت نے ایونٹ کے وینیو منتخب کرنے کا اختیار پاکستان کو دینے کی بھی حمایت کی ہے۔

احسان مانی نےیہ بھی کہا کہ ہماری کوشش ہے ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں کریں، وینیو کے فیصلے کا اختیار پاکستان کے پاس ہے۔

گزشتہ دنوں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ہوا،البتہ میچز کہاں کہاں ہوں گے اس کا فیصلہ ایونٹ سے کچھ عرصہ پہلے کیا جائے گا۔

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ستمبر 2020ء میں منعقد کیا جائے گا اور اس بار ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر کھیلا جائے گا،ایونٹ میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کرتی ہیں۔

رواں برس ستمبر میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 50 اوورز کے فارمیٹ کے تحت متحدہ عرب امارات میں کھیلا گیا تھا، جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔ یہ ٹورنامنٹ پہلے بھارت میں ہونا تھا تاہم بھارت نے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا تھا۔

اس کے بعد اپریل 2018 میں پاکستان نے بھارت میں جا کر کھیلنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات کو دے گئی تھی۔

تازہ ترین