• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتہا پسندی برداشت نہیں کریں گے، قوم نے دہشت گردی کی وہ قیمت ادا کی جس کا تخمینہ نہیں لگاسکتے، APS کے شہداء کو نہیں بھولے، صدر، وزیراعظم، آرمی چیف

اسلام آ باد، پشاور (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی چوتھی برسی پر سول و عسکری قیادت نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء کے والدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ معصوم طلباءاور اساتذہ کی قربانی نے قوم کو بیدار اور متحد کیا، انتہا پسندی اور تشدد کو برداشت نہیں کیا جائیگا، قوم نے دہشت گردی کی وہ قیمت ادا کی جسکا تخمینہ نہیں لگا سکتے، اے پی ایس کے شہدا کو نہیں بھولے،بے انتہا نقصانات کے باوجود ہم امن کیلئے پرعزم ہیں، ہم متحد ہو کر پاکستان کو آگے لیکر جائینگے، تعلیم سے ہی دہشت گردی کو مات دے سکتے ہیں، قوم نے بہادری سے چیلنجز کا مقابلہ کیا اور اس کامیابی کیلئے بھاری قیمت چکائی، ملکی امن و خوشحالی کیلئے ہمیں متحدرہنا ہوگا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پوری قوم سانحہ پشاور کے شہداء کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائیگا۔ دوسری جانب سانحہ اے پی ایس کی چوتھی برسی اتوار کو منائی گئی ، سانحہ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں پشاور سمیت ملک میں دعائیہ تقریبات کاانعقاد کیا گیا، پشاور میں شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے پاک فوج نے تقریب کا انعقاد کیا، جس میں پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، تقریب میں کور کمانڈر کی پشاور نے بھی شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی چوتھی برسی کے موقع پراپنے پیغام میںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سانحہ اے پی ایس کے شہداءکے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ معصوم طلباءاور اساتذہ کی قربانی نے قوم کو بیدار اور متحد کیا، قوم اے پی ایس کے شہداءاور ان کے لواحقین کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کیخلاف کامیابی سے لڑنے پر پاک فوج سمیت تمام سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی معترف ہے، سانحہ اے پی ایس ایک قومی المیہ کے ساتھ تجدید عہد کا بھی دن ہے۔ صدر نے کہا کہ آج کے دن قوم یہ عہد کرے کہ ملک میں انتہا پسندی کا راستہ ہمیشہ کیلئے روکنے کیلئے ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہے گی۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کہا کہ آج کے دن میں اپنی بہادر افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے اُن ہیروز کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دیں۔ اپنے شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ اس مقصد کیلئے پرعزم رہنا ہے جس عظیم مقصد کیلئے انہوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 16دسمبر کا دن ہمیں اس سیاہ دن کی یاد دلاتا ہے جب دہشت گردوں نے انسانیت اور مذہب کے تمام تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آرمی پبلک اسکول پشاور کے ان معصوم بچوں کو نشانہ بنایا جو حصول تعلیم اور ایک روشن مستقبل کی امید لیے اسکول آئے۔ معصو م جانوں کی شہادت کے اس دلخراش واقعے نے جہاں پوری قوم کوکرب و غم میں مبتلا کیا وہاں قوم میں دہشت گردی کیخلاف یکجہتی اور وحدت کو جنم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور پوری قوم کی حمایت سے ہماری بہادر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے آپریشن ضرب ِعضب اور ردالفسادکے ذریعے دہشت گردی کیخلاف وہ فیصلہ کن معرکہ سر انجام دیا جسکی مثال نہیں ملتی۔معصوم جانوں نے اپنے بے گناہ لہو کا نذرانہ دے کرقوم کو ہمیشہ کیلئے ایک ایسے سفاک دشمن کیخلاف متحد کر دیا جو انسانیت کے نام پر دھبہ اور حیوانیت کی بدترین مثال ہے۔ سانحہ اے پی ایس پشاور میں بچھڑ جانے والوں کی یاد ہمیشہ موجود رہے گی۔آج کے دِن میں اے پی ایس کے معصوم شہیدوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اُن غمزدہ والدین سے دِلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر تعلیم کے حصول کیلئے بھجوائے تھے مگر وہ شہادت کی قبا ا وڑھے گھروں کولوٹے۔پوری قوم معصوم شہداء کے ان والدین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں وہ قیمت ادا کی جس کا کوئی تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا۔ ہزاروں جانوں کی قربانی دینے اور بے انتہا معاشی نقصانات اٹھانے کے باوجود اگر آج بھی کوئی پاکستان پر الزام تراشی کرتا ہے یا ہمیں کسی صورت موردِ الزام ٹھہراتا ہے تو ہم اس پر یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ دنیا کی اس جنگ کی سب سے بھاری قیمت ہماری افواج، سپاہیوں، نہتے شہریوں اور معصوم جانوں نے ادا کی ہے۔ میں یہ بھی واضح کردینا چاہتا ہوں کہ بے انتہاء نقصانات کے باوجود ہم بحیثیت قوم ملکی، علاقائی اور عالمی امن کیلئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین