• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، شہداء سپردخاک، وادی میں مکمل ہڑتال، کرفیو

سرینگر(ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 11نوجوانوں کو ان کے آبائی علاقوں میں ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے جبکہ68زخمی زیر علاج ہیں جن میں سے 23کو بھارتی فوج نے براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا،،مزاحمتی خیمے نے’’ بادامی باغ چلو‘‘ کی کال دی اور وادی میں مکمل ہڑتال رہی جبکہ کرفیو بھی نافذ کیاگیا ۔مختلف علاقوں میں مظاہرے ہوئے جبکہ طلبہ پر لاٹھی چارج کیاگیا،فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، اس دوران کاروباری مراکز،بازار ،دکانیں بند،انٹر نیٹ ،موبائل اور ریل سروس معطل،پلوامہ میں غیر معینہ مدت کیلئے دفعہ144بھی نافذ کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے ساتھ مل کر کارروائی کرتے ہوئے ضلع پلوامہ کیگاؤں سرنو میں 11نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا جن میں سے تین کو مبینہ جھڑپ میں شہید کیا گیا جبکہ 8نوجوانوں کو مظاہرے کے دوران فائرنگ کر کےشہید کر دیا تھا۔شہداکی شناخت عدنان احمد،عامر احمد پال،ظہور احمد،شاہد کھانڈے ،عابد حسین لون ،اشفاق احمد،شہباز علی،لیاقت علی ،سہیل احمد،مرتضیٰ اور توصیف احمد میر کے ناموں سے ہوئی تھی۔یہ تمام شہدا سرنو ،کریم آباد اور نواحی علاقوں کے رہائشی تھے جن کی ان کے آبائی قبرستانوں میں تدفین کر دی گئی ہے۔شہداء کی نماز جنازہ میں قدغنوں کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 68افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔بھارتی فوج کی براہ راست فائرنگ کا نشانہ بننےوالے 23افراد کو سرینگر منتقل کر دیا گیا ہے ۔اسپتال پر انٹنڈنٹ ڈاکٹر پرہ نے بتایا کہ انہیں اس طرح کی صورتحال کا اندازہ نہیں تھا ، لہذا جو جو زخمی لائے گئے انہوں نے انکا اندراج کرنا شروع کردیا۔

تازہ ترین