اسلام آباد (محمد صالح ظافر) دفتر خارجہ نے معاشی سفارتکاری شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا، دفتر خارجہ نے دنیا بھر میں اپنے مشنز کے زریعے معاشی سفارتکاری کے آغاز کے لئے سفراء کانفرنس طلب کرلی ہے۔ دو روزہ کانفرنس دفتر خارجہ میں 27 اور 28 دسمبر کو ہوگی۔ شاہ محمود قریشی اپنے طرز کی پہلی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی سفارتی تنصیبات کو تجارتی تبادلے بالخصوص برآمدات میں اضافے کے لئے بروائے کار لایا جائے گا تاکہ زر مبادلہ کے قیمتی ذخائر میں اضافہ کیا جاسکے۔ ہنر مند افراد کو ان ممالک بھیجے جانے کی تجاویز پر بھی غور کیا جائیگا جنھیں ہنر مند افراد کی ضرورت ہے۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ پاکستان کے سفارتی مشنز بیرون ملک نہ صرف ملک کی ساکھ کو بہتر بنانے، سیاسی تعلقات مضبوط کرنے کے لئے استعمال کئے جائیں بلکہ انہیں قومی مفاد کی خاطر تجارت بالخصوص برآمدات کے فروغ کے لئے بھی بروئے کار لایا جائے۔ شاہ محمود قریشی معاشیات کے حوالے سے بھی تجربہ رکھتے ہیں اور مذکورہ آئیڈیا انہی کا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کریں گے۔