کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں ہوئیں مگر ہم نے ہمیشہ دفاع اور اداروں کو مضبوط کیا، سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ افغان عمل میں چین بڑا سہولت کار ہو سکتا ہے ،انڈیاامن عمل کو سبوتاژ کرسکتا ہے ،میزبان شاہزیب خانزادہ نےتجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے والی ہے تو سابق صدر کا لہجہ پھر سخت ہوگیا، آصف زرداری کے لہجہ کی تلخی کا تعلق کہیں مقدمات سے تو نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی اداروں سے نہیں لڑتی ہے، پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں ہوئیں مگر ہم نے ہمیشہ دفاع اور اداروں کو مضبوط کیا، آصف زرداری جو کچھ کہہ رہے ہیں کیا وہ غلط ہے، فرض کریں آصف زرداری کہتے ہیں پاکستان کے فیصلے تین سال کی مدت والے یعنی دفاعی اداروں کی قیادت کو نہیں پارلیمان کو کرنے چاہئیں تو کیا یہ بات درست نہیں ہے، اگر آصف زرداری کہتے ہیں کہ بہت سے مقدمات پینڈنگ ہیں ،سیاستدانوں کو خراب کہا جاتا ہے کیا مارشل لاؤں کے دور میں کرپشن ختم ہوگئی، گڈ گورننس آگئی یا معیشت بہتر ہوگئی۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہم نے افتخار چوہدری کا جوڈیشل ایکٹوازم بھی دیکھا اس نے کیا دیا، یہ طریقہ کار درست نہیں ہے جس کا جو کام ہے اسے وہ کام کرنے دیجئے، الیکشن شفاف ہوں تو سیاسی پراسس سے قوم سیکھے گی، ہماری باتوں کا مقصد کسی سے لڑائی، تصادم یا تنازع نہیں ہے، کسی جماعت کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے تو پریشانی بنتی ہے، ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹواورا ٓصف زرداری کیخلاف جھوٹے کیسز بنے، ملک میں بے نامی اکاؤنٹس کی تعداد لاکھوں میں ہے یہ ٹیکس چوری کا کاروبار ہے، یہاں کوئی کاروباری اپنے فارمل اکاؤنٹ سے کاروبار نہیں کرتا، اگر یہ اپنے یا کمپنی اکاؤنٹس سے کاروبار کریں تو انہیں ٹیکس دینا پڑے، اگر جعلی اکاؤنٹس پر کارروائی ہو تو سب کے خلاف ہونی چاہئے، آصف علی زرداری کل عدالت سے بری ہوجاتے ہیں تو انہیں جو ذاتی نقصان ہوا اس کا کوئی مداوا ہوسکتا ہے۔ قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں صرف نواز شریف کا نہیں سب کا احتساب ہونا چاہئے تھا، اعتزاز احسن نے قانون سازی کے ذریعہ اس کا سدباب کرنے کیلئے کہا مگر نواز شریف اسے عدالت میں لے گئے، اگر ادارے اپنی اپنی آئینی حدود میں کام کریں گے تو ملک کا فائدہ ہوگا۔