• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری، نواز شریف آخری الیکشن لڑچکے‘ دونوں 2019ءجیل میں گزاریں گے،فواد چوہدری

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ماضی کی سیاست کے سرخیل آصف زرداری اور نواز شریف نے جو سیاست کرنا تھی وہ کر لی اور اپنے آخری الیکشن لڑچکے‘ اب یہ دونوں 2019ءجیل میں گزاریں گے‘ خدا کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں، اسحاق ڈار سے زیادہ ان پیسوں کا انتظار ہے جو وہ ساتھ لے گئے ہیں‘ اسحاق ڈار ملک واپس آئیں گے اور پیسے بھی واپس کریں گے‘پنجاب میں بسنت سے پابندی کاخاتمہ خوش آئند ہے اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور پنجاب حکومت اس اہم فیصلے پر مبارکباد کے مستحق ہیں‘احتساب کی بات پر اپوزیشن نئی نویلی دلہن کی طرح ناراض ہوجاتی ہے‘بھارتی فلمیں بند نہیں کرسکتے ‘اصل سفر اب شروع ہواہے‘سیاسی استحکام حاصل کر لیا ہے‘اب معاشی استحکام حاصل کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نےگزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ فواد چوہدری نے منگل کو وزیراعظم آفس میں عمران خان سے بھی ملاقات کی ‘اس موقع پر عمران خان نے فواد چوہدری پر بھرپوراعتماد کا اظہار کیا۔تاجروں سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے دنیابھرمیں پاکستان کا امیج بہتر ہوا‘ برٹش ایئرویز دس سال بعد دوبارہ سے پاکستان سے فضائی آپریشن شروع کررہی ہے، امریکا سے تعلقات بہتر ہورہے ہیں‘فرانس نے ٹریول ایڈوائزری پاکستان کیلئے ریڈ سے گرین کردی ہے۔ جرمنی بھی تبدیل کرنے پر غور کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلمیں بند نہیں کرسکتے۔ بھارت سمیت تمام ملکوں کے نشریاتی مواد پر پابندی کے خلاف ہوں۔

تازہ ترین