• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میونسپل کارپوریشن اجلاس، پیر ودھائی بس سٹینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ مسترد

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے اجلاس میں پیرودھائی بس سٹینڈ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سپرد کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے ترقیاتی سکیمیں فوری طور پر منظور کرنے کی قرار دادیں پاس کر لی گئیں۔ ڈپٹی میئر چوہدری طارق کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں میئر سردار نسیم خان سمیت کارپوریشن کے افسران اور یونین کونسلوں کے چیئرمین موجود تھے۔ اجلاس کی ابتدا میں یونین کونسل 38کے چیئرمین ذیشان احمد خان، 27کے چیئرمین اظہر اقبال ستی، 34کے چیئرمین عامرالدین میر اور یونین کونسل دس کے چیئرمین یاسین نے حکومت پنجاب کی طرف سے پیرودھائی بس سٹینڈ کو سیکرٹری ٹرانسپورٹ کے سپرد کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 210کنال پر بنے بس سٹینڈ کو کارپوریشن نے 1976میں باقاعدہ اپنے پیسوں سے خریدا تھا جہاں سیکڑوں دکانیں بنی ہوئی ہیں جہاں سے ملنے والے کرائے اور دیگر آمدن سے شہر میں ترقیاتی کام اور پنشن کی ادائیگی سمیت دیگر ضرورتیں پوری کی جاتی ہیں لیکن اب باقاعد منصوبہ بندی کے تحت بس سٹینڈ کو کیٹگری سی سے بی میں تبدیل کر کے غیرمتعلقہ ادارے کو دینے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ہم اس اقدام کی مذمت اور فیصلے کیخلاف رکاوٹ بنیں گے، یونین کونسل اکیس کے چیئرمین ملک وسیم نے صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کی طرف سے بلدیاتی معاملات میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا۔ یونین کونسل 46کے چیئرمین راجہ مشتاق نے راجہ بازار سمیت دیگر علاقوں میں نشاندھی کے باوجود تجاوزات کیخلاف ایکشن نہ لینے پر چیف افسر کو تنقید کا نشانہ بنایا۔اجلاس میں 53کروڑ روپے کی ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کا فوری مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ہائی کورٹ نے شہر میں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے عملہ بھرتی اور مشینری خریدنے کا حکم دیا تھا مگر ادارے کے پاس فنڈز ہونے کے باوجود پنجاب حکومت بار بار کی یاد دہانیوں کے باوجود منظوری نہیں دے رہی۔ دوران اجلاس میں ٹی ایم اے کی لائٹننگ برانچ میں فوری طور پر کم از کم چار الیکٹریشن، دو ڈرائیور بھرتی اور چھوٹی گاڑیاں اور میت بس خریدنے کرنے کی منظوری دی گئی۔
تازہ ترین