• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دبنگ(2010ء)

فلم ’دبنگ‘ کو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا بالکل بھی مشکل نہیں کہ چلبل پانڈے کا کردار سلمان خان کے بجائے شاید ہی کوئی دوسرا بالی ووڈ اداکار کرسکتا تھا۔ ایک نڈر اور بے خوف لیکن کرپٹ پولیس افسر، جس نے خود کو نام نہاد ’روبن ہُڈ پانڈے‘ کا نام دیا ہوا ہے، مخالفین پر کچھ اس طرح سے ٹوٹتا ہے کہ انھیں تہس نہس کرکے ہی سانس لیتا ہے۔’دبنگ‘ کی شاندار کامیابی کے بعد فلم کے پروڈیوسر ارباز خان نے ’دبنگ2‘ بنانے کا اعلان کیا۔ 2012ء میں ریلیز ہونے والی ’دبنگ2‘ کو ارباز خان نے نہ صرف پروڈیوس کیا، بلکہ فلم کے ڈائریکٹر بھی خود ہی بن گئے۔ اب ’دبنگ3‘ بنائی جارہی ہے، جس کی ڈائریکشن پرابھو دیوا دینگے اور یہ بتانے کی قطعی ضرورت نہیں کہ مرکزی کردار سلمان خان ہی ادا کرینگے۔

ڈان (2006ء)

فرحان اختر نے فلم ’ڈان‘ کی نہ صرف ہدایتکاری دی، بلکہ اس کے پروڈیوسر اور لکھاری بھی وہ خود ہی تھے۔ 1978ء میں ریلیز ہونے والی امیتابھ بچن کی کلاسیکی فلم ’ڈان‘ کا ری میک بنانا کوئی آسان کام نہیں تھا، تاہم فرحان اختر نے اس چیلنج کو قبول کیا، بلکہ اس چیلنج پر پورا بھی خوب اُترے۔ ’ڈان‘ کے پانچ سال بعد 2011ء میں ’ڈان2‘ ریلیز ہوئی اور بلاشبہ یہ بھی ایک بہترین فلم ثابت ہوئی۔ جس طرح ’ڈان‘ کے اختتام میں ’ڈان2‘ کا اشارہ دے دیا گیا تھا، اسی طرح ’ڈان2‘ میں بھی ’ڈان3‘ کا اشارہ موجود تھا اور اب فلم کے پروڈیوسرز نے باقاعدہ طور پر ’ڈان3‘بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ فلم کا مرکزی کردار شاہ رُخ خان ہی ادا کرینگے۔ اطلاعات کے مطابق، فلم ’زیرو‘ کی شوٹنگ سے فارغ ہونے کے بعد شاہ رُخ خان کی اگلی فلم ’ڈون 3‘ ہی ہوگی۔

گول مال:فن اَن لمیٹڈ(2006ء)

ڈائریکٹر روہیت شیٹھی کی ’گول مال:فن اَن لمیٹڈ‘ چار دوستوں کے گرد گھومتی ہے۔2006ء میں ریلیز ہونے والی فلم کا شمار بالی ووڈ کی کامیاب ترین فرنچائز فلموں میں ہوتا ہے۔ ایک لحاظ سے اس فلم کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ بالی ووڈ کی واحد فرنچائز فلم ہے، جس کے اب تک چار سیکوئل بنائے جاچکے ہیں، جبکہ اس کے پانچویں سیکوئل پر بھی کام جاری ہے۔ ’گول مال‘ سیریز کی ہر فلم نے کم از کم 100کروڑ کا بزنس کیا ہے، جبکہ اس فرنچائز کی چوتھی فلم’گول مال اَگین‘ دو سو کروڑ کا بزنس کرکے اس سیریز کی کامیاب ترین فلم بن چکی ہے۔ اجے دیوگن اور روہیت شیٹھی کی جوڑی ویسے بھی بالی ووڈ میں کامیابی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے اور اس بات کو انھوں نے گول مال کے علاوہ ’سنگھم‘سیریز کی دو فلموں سے بھی ثابت کیا ہے۔

دھوم(2004ء)

’دھوم‘ اپنے ہائی اسپیڈ Chaseسین، غیرمعمولی کیمرہ ورک اور شاندار ٹیکنیکل اِفیکٹس کے باعث، بالی ووڈ کے لیے کسی تازہ ہوا کے جھونکے سے کم نہیں تھی۔ شائقین کو فلم اس قدر پسند آئی کہ یش راج فلمز نے اسے فرنچائز مووی کا درجہ دیتے ہوئے فوری طور پر ’دھوم2‘بنانے کا اعلان کردیا۔ پہلی فلم کی طرح دوسری فلم کی ہدایتکاری بھی سنجے گادھوی نے ہی دی۔ دوسری فلم نے بھی باکس آفس پر زبردست کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔ 2013ء میں اس سیریز کی تھرڈ اِنسٹالمنٹ ’دھوم3‘ نے 260کروڑ روپے کا شاندار بزنس کرکے اس بات کو یقینی بنا دیا تھا کہ اب ’دھوم4‘ کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں آسکتی۔ اطلاعات کے مطابق ’دھوم 4‘ شاہ رُخ خان کے ساتھ بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

کوئی مل گیا (2003ء)

ہدایتکار راکیش روشن کی اپنے بیٹے رتھک روشن کے ساتھ 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’کوئی مل گیا‘ کو بالی ووڈ کی ان چند اولین اور بڑی فلموں میں شمار کیا جاسکتا ہے، جس نے بالی ووڈ میں صحیح معنوں میں سیکوئل موویز بنانے کی بنیاد رکھی۔ ’کوئی مل گیا‘ کے مزید دو سیکوئل ’کرش‘ (2006ء) اور کرش تھری (2013ء) ریلیز ہوچکے ہیں اور سب کے سب شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔ اب راکیش روشن اس سیریز کی اگلی فلم پر کام کررہے ہیں۔ ’کرش‘ دراصل بالی ووڈ کی جانب سے ہالی ووڈ کی سپر ہیروز والی فلموں کا جواب ہے۔ توقع ہے کہ اپنی زیرِ تکمیل فلم ’سپر30‘ کے بعد رتھک روشن کی اگلی فلم ’کرش 4‘ ہوگی۔

ہیرا پھیری(2000ء)

2000ء میں ریلیز ہونے والی فلم’ہیرا پھیری‘ کو بالی ووڈ کی چند بہترین مزاحیہ فلموں میں شمار کیا جاتا ہے، جس نے اکشے کمار کو ایک نیا اِمیج اور نئی کامیابی دینے میں اہم کردار ادا کیا۔ پریا درشن کی ڈائریکشن میں بننے والی یہ فلم ملیالیم فلم ’رام جی راؤ اسپیکنگ‘ کا ری میک تھی۔ فلم کا دوسرا سیکوئل ’پھر ہیرا پھیری‘ 2006ء میں ریلیز ہوا، اس فلم کا پلاٹ ہالی ووڈ کی دو فلموں ’لاک اسٹاک‘ اور ’ٹو اسموکنگ بیرلز‘ سے ماخوذ تھا۔ خوش قسمتی سے سیکوئل بھی پہلی فلم کی طرح کام کرگیا۔ فلم کے پروڈیوسر فیروز خان ایک عرصے سے نیرج کے ساتھ ’ہیرا پھیری3‘ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے، جو نیرج کی بیماری کے باعث چند سال تک التواء کا شکار رہی۔ بالآخر نیرج ووہرا کے انتقال کے بعد فیروز خان نے یہ فلم کسی اور ڈائریکٹر کے ساتھ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین