گرجاگھر (Church) مسیحیوں کی مقدس عبادت گاہ ہوتی ہے، جس سے عقیدت کے نقش آپ کو دنیا بھر کے گرجا گھروں کی صورت نظر آئیں گے۔ دسمبر کا مہینہ مسیحیوں کے لیے بہت اہم اور عبادت سے مختص ہے۔ دسمبر کے آغاز سے ہی حضرت عیسٰی ؑ کی آمد و رجوع کی تقریبات شروع ہوجاتی ہیں ،جو عموماً سالِ نو تک جاری رہتی ہیں۔ مسیحی برادری پوری دنیا میں کرسمس کا دن بڑی دھوم دھام سے مناتی ہے۔ گھروں کو برقی قمقموں اور کرسمس ٹری سجایا جاتا ہے۔ ایک دوسرے کو تحائف دئیے جاتے ہیں،مسکراہٹوں اور دعاؤں کا تبادلہ ہوتا ہے۔ کرسمس کے دن کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے پاکستان اور دنیا بھر کے مسیحیوں کے لیے انتہائی حیران کن تعمیراتی ڈیزائن پر مبنی چند گرجا گھروں کی تفصیل پیشِ خدمت ہے۔
کیتھیڈرل آف بریسلیا،برازیل
کیتھیڈرل آف بریسلیا، برازیل کے شہر بریسلیا کا رومن کیتھولک سینٹرل چرچ ہے۔ اس چرچ کا حیران کنhyperbolicطرزِ تعمیر دیکھنے کے لیے ہر سال لاکھوں سیاح اور عقیدت مند یہاں آتے ہیں۔ عبادت کے وقت یہاں وزیٹرز کوگھومنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ چرچ کا یہ منفردتعمیراتی ڈیزائن آسکر نیمیئر کے ذہنِ رسا کا کمال ہے۔ 1958ء میں اس کی تعمیرشروع ہوئی اور دو سال کے مختصر عرصے میں مکمل کیا گیا۔ بی بی مریم سے منسوب اس گرجا گھر کو ’’رانی گرجا‘‘)کوئن چرچ) بھی کہا جاتا ہے۔ چھت پر لگائے گئے سفید اور نیلے شیشے تیز دھوپ میں چمک کر سحر انگیز ماحول پیدا کرتے ہیں۔
اسٹائیکی شولمر چرچ، آئس لینڈ
آئس لینڈ کے شہر اسٹائیکی شولمر میں واقع یہ گرجاگھر اپنے غیر معمولی آرکیٹیکچر اسٹائل اور ڈیزائن کے لحاظ سے سب سے منفرد انداز دیتا ہے۔ دعا کی مانند اٹھے دو ہاتھوں کے درمیان بیل ٹاورز دیکھ کر آپ چرچ سے روشناس ہوتے ہیں، وگرنہ یہ جدید طرزِ تعمیر روایتی گرجا گھروں کی تعمیراور ڈیزائن سے الگ تھلگ ہے۔ اسی لیے اسے مستقبل کی آئیکونک عمارات میں شامل کیا جاتا ہے۔1980ء میں اسے جدت کا روپ دیا گیا۔ یہاں ایک ساتھ 600 عقیدت مند عبادت کے فرائض انجام دے سکتے ہیں۔ اسے کنسرٹ ہال کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
گِرنڈ ٹوئگز چرچ، ڈنمارک
ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے سب سے منفرد چرچ کا غیر معمولی ڈیزائن دیکھنے والوں کو فن کی تعریف کرنے پر مجبور کردیتا ہے۔ اس کی تعمیر میں سرخ اینٹوں کا شاندار استعمال کیا گیا ہے، جو اندھیرے میں سیاہ پیکر کا رُوپ دھارکر بہت پراسرار ماحول پیدا کرتی ہیں۔ چرچ کا ڈیزائن گوتھک اسٹائل پر مبنی ہے، جو ماہر تعمیر جین سین کلائن کے فنِ تعمیر کا کمال ہے ۔ویسٹ فیکیڈ پر نصب49میٹر لمبا گھنٹہ گھر دیکھنے والوں کیلئے خاص دلکشی کا سامان مہیا کرتا ہے۔چرچ کے اندرونی کام کے لیے6ملین زرد اینٹوں کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس طرز کا گرجا آپ کو پورے ڈنمارک میں کہیں نہیں ملے گا۔
سینٹ مائیکلز گولڈن ڈومڈ موناسٹری، یوکرین
یہ حیران کن سنہری گنبد والا گرجا یوکرین کے دارالحکومت کِیف میں واقع ہے۔ 1108ء میں اس کی تعمیر شروع ہوئی اور گاہے بگاہے یہ کئی بار تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے عمل سے گزرا۔ سنہری گنبد اور نیلا انٹیریئر اس گرجا گھر کو پُرکشش سیاحتی مقام و عبادت گاہ کے مرتبے پر فائز کرتا ہے۔ چرچ کا گھنٹہ گھر برقی گھڑیالوں سے آراستہ ہے۔ سترھویں صدی میں جب اسے دوبارہ تعمیر کیا گیا تو طرزِ تعمیر کےلیے یوکرین باروق اسٹائل اپنایا گیا۔ اُس وقت گنبد گرجا کے ساتھ منسلک تھا۔ اندرونی آرائش میں بازنطینی موزیکس اور فریسکوز کا استعمال چرچ کو فی الواقع سحر انگیزبناتا ہے۔