• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گول کیپر عمران بٹ ریٹائر، کپتان نے زبان کھول دی

پاکستان ہاکی ٹیم کے گول کیپر عمران بٹ نے باقاعدہ ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا،دوسری طرف ورلڈ کپ 2018ء میں شکست پر کپتان رضوان سینئر نے زبان کھول دی۔

ہاکی ورلڈ کپ 2018ء میں شکست کے بعد ٹیم مینجمنٹ کے ایک ایک کرکے سب ہی عہدیدار مستعفیٰ ہوگئے ہیں،قومی ٹیم کے گول کیپرنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

عمران بٹ نے کہا کہ جونیئرز کو موقع دینے کے لیے ریٹائرمنٹ لی ہے ، سینئر پلیئرز کو نکالنے سے اگر قومی ٹیم مین بہتری آتی ہے تو ضرور ایسا کریں۔

کپتان رضوان سینئر نے مینجمنٹ کی طرف سے ہاکی ورلڈ کپ میں شکست کی ذمہ داری سینئر کھلاڑیوں پر ڈالے جانے پر اپنی زبان کھول دی۔

ان کا کہنا تھا کہ مینجمنٹ اپنی خامیوں پر پردہ ڈالنے کےلئے میدان سے بھاگ گئی ہے،اس لئے استعفے دیے جارہے ہیں۔

ہاکی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ شکست کا ذمہ دار سینئر کھلاڑیوں کو قرار دینا درست نہیں، کھلاڑیوں نے ڈیلی الاونس کے بغیر بھی بھرپور محنت کی، لیکن آخری وقتوں میں ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیاں ٹیم کیلئے سود مند ثابت نہیں ہوئیں۔

رضوان سینئر نے مزید کہا کہ ٹیم کو فوٹو سیشن والی مینجمنٹ نہیں چاہیے،ڈچ کوچ رولینٹ آلٹمنز کی موجودگی میں کارکردگی بہتر ہورہی تھی، یہ تاثر بھی غلط ہے کہ انگریزی زبان کی وجہ سے غیر ملکی کوچ کو کوچنگ میں مشکل پیش آتی ہے۔

کپتان رضوان نے ورلڈ کپ میں شکست کا ذمہ دار حکومت کو بھی قرار دیا اور کہا کہ آخری وقت تک بھی کھلاڑیوں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے جاسکے گی یا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ فروری میں پرو لیگ اولمپکس میں جگہ بنانے کی آخری امید ہے۔

تازہ ترین