• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
”آپ کون ہیں اورکیسے تشریف لائے ہیں؟“
”میں خدائی فوجدار تو نہیں البتہ تم سے چندسوال پوچھنے آیا ہوں۔“
”فرمایئے۔“…”پاکستان میں ہرقومی انتخاب سے پہلے شکوک اور خوف کی قیامت صغریٰ کا پس منظر؟“
”ماضی کے تاریخی بطن سے پیدا شدہ خوف کا برآمدشدہ سڑاہوا پرندہ۔“
”(ن) لیگ کے ”فرینڈلی اپوزیشن“ہونے کا لغوی مطلب کیاہے؟“
”دوستانہ مخالفت۔“…”اوراصل مطلب؟“
”صدرِ پاکستان اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بہتر کوئی نہیں بتا سکتا۔“
”یہ چوہدری نثارصاحب کی خاندانی نخوت اور انانیت کا اتنا پروپیگنڈہ کیوں کیاجاتاہے؟“
” حالانکہ چوہدری صاحب ہمارے عظیم اسلاف کی طرح چوبیس گھنٹے چٹائی پر بیٹھے عوام کے منتظررہتے ہیں۔ میں انہیں اکثر دیکھ کراکثر ”پرویز مشرف زندہ باد“ کانعرہ لگاتا ہوں۔“…”یہ بیچ میں پرویز مشرف کہاں سے تشریف لے آئے؟“
”وہ دراصل میں نے ایک کتاب میں پڑھا تھا کہ پرویز مشرف چوہدری صاحب کے خیرخواہ ہیں۔“
”اور حضرت جاوید ہاشمی؟“
”بغاوت میں میرا بچپن، بغاوت میری جوانی، بغاوت میرا بڑھاپا اوربغاوت میری …… اور بس اور“
”چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی دونوں کو ایک جملے میں بیان کرو، انعام ملے گا۔“
”ٹھنڈا کرکے کھا۔“
”کیا تحریک ِ انصاف کے انعام اللہ خان نیازی کو بھی ایک جملے میں Pointکرسکتے ہو؟“
”اس مشکل کا بہترین حل ”ن“ لیگ کے پرویز رشید کے پاس ہوسکتا ہے۔ ممکن ہے وہ انعام خان کا سن کر بھی جرأت رندانہ کا ثبوت دے دیں۔“
”عمران خان کی نظریاتی تعریف؟“
”قدیم و جدید کی امتزاجی عمارت جس کی تعمیرمیں کنفیوزڈ مصالحہ جات کے کثرتِ استعمال کی وجہ سے عوام کا قیام مشکل ترہوتاجارہا ہے۔“
”مولانا فضل الرحمن؟“…”خرگوش ہانپ جاتے اور کچھوے ساحل مراد پر ہی رہتے ہیں۔“
”اے این پی اورطالبان، وقت کی گواہی کیا ہے؟“
”یہ کہ ”زندگی موت اللہ کے ہاتھ میں ہے“ ، اس کلیہ الٰہیہ پر صرف طالبان کی اجارہ داری نہیں۔“
”بلوچستان اور کراچی؟“
”مشرقی پاکستان کی طرح ہمارے اعمال کے دو ثبوت۔“
”بلوچستان سے یاد آیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کی شخصی کیمسٹری کیاہے؟“
”کچھ بھی نہیں، قبائلی کر ّ وفر کو 64 برس سے رتّی برابر فرق نہیں پڑا تاریخ کے سینے پر مونگ دل رہا ہے۔ تم اپنا سینہ بچاؤ۔“
”کرپشن اوررشوت؟“
”صرف میڈیا کے لذیذ غذائی موضوعات۔“
”اچھا، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرو؟“…”میرے روزگار کے کھنے سنکوانے میں تمہاری دلچسپی کا سبب میرے پلے نہیں پڑا۔“
”اتنا ہی شوق ہے تو بھٹو خاندان اور پیپلزپارٹی سے رائے لو۔“
”تمہارے الطاف بھائی کسی پرابلم میں ہیں؟“
”حیدر عباس رضوی اورفاروق ستار سے پوچھ کر بتاؤں گا۔“
”میں نے دیکھا ہے تم کہیں نہ کہیں سے شاہ محمود قریشی کا ذکر نکال بیٹھتے ہو۔“
”یقین کرو مجھے اس ”جواں مرگ سیاسی موت“ کا بے حد قلق ہے وہ اچھے خاصے تنومند اور صحت مند تھے، آہ“
”کیا الیکشن ہو رہے ہیں؟“
”مولے نوں مولا نہ مارے تو مولا نہیں مردا“
”سرمایہ دار اور مزدور، امیر اورغریب۔“
”الیکشن نہ ہوئے تو ایک دوسرے کے گریبانوں سے لٹکے ہی نہیں ایک دوسرے کی گردنیں ریت رہے ہوں گے۔“
”23دسمبر کو حضرت علامہ طاہر القادری کی واپسی؟“
”قومی انتخابات کے مقدس مشن کو ملتوی کرانے والوں کے لئے امید کا ایک نغمہ ٴ جاں فزا“
”صدر کے دوعہدوں کے معاملے پر بات کرو؟“
”یار! تمہارے حواس درست ہیں؟ مقدمہ عدالت ِ عالیہ لاہور میں زیر سماعت ہے تم فارغ اوقات میں ریاض شاہد مرحوم کی فلم ”خاموش رہو“ سے دل بہلایا کرو۔“
”الیکشن کمیشن کا مستقبل کیامحسوس ہوتا ہے؟“
”شروع شروع میں چند دانشوروں نے چیف الیکشن کمشنر فخرو بھائی کی ”کمزورصحت“ پر مسلسل تشویش اور ہمدردی کی جذبات فروشی کا نسخہ ٴ کیمیا استعمال کیا تھا یہ دیکھنے کے بعد کہ اس سن رسیدہ بڑے انسان کو فولاد کا دل عطا ہوا ہے، اب خاموش ہو چکے ہیں۔ فکر نہ کرو الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق ایسا کام دکھائے گا کہ ہماری آئندہ نسلوں کی زندگیاں سنور جائیں گی۔“
”وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو اپنے داماد کو فوری طور پر ”مزید ایڈجسٹ“ کرنے کی کیا جلدی تھی؟“
”اللہ برے وقت سے سب کو بچائے اور کسی کو”آ بیل مجھے مار“ کے محاورے پرعمل کرنے کی توفیق نہ دے۔“
”سنا ہے پولیو ٹیموں کے بے گناہوں کا خون اُسامہ بن لادن کا قصاص ہے؟“
”اسے چھوڑو، ایمان رکھو یہ ایک گروہ یا بیسیوں گروہ، یہ راسخ العقیدہ شجاع، نمازی اور پرہیز گار ، یہ برصغیر میں اپنی تعبیر کے مطابق ”جہاد“ کے علمبردار، وقت انہیں کھا جائے گا، زیادہ سے زیادہ پندرہ بیس برس اورہیں۔ پاکستان میں صرف علم اورتہذیب کی نسلیں پروان چڑھ رہی ہوں گی۔ دین کی جو بھی یہ تعبیریں کرتے ہیں اورکافروں سے ”ڈیل“ کرنے کا جو بھی یہ مذہبی فلسفہ پیش کرتے ہیں مسلمانوں نے اپنے 1400 برس میں کبھی ان کی فکر کو ایک لمحے کے لئے بھی تسلیم نہیں کیا ۔مگر تم ان گہرائیوں کو جانے دو، یہ بتاؤ کوئی سوال رہ تو نہیں گیا؟“
”ایک آخری سوال۔“
”کہو!“
”دوسری قومی سیاسی جماعتوں کی طرح پاکستان پیپلزپارٹی کا میڈیا سیل، کہاں ہے اورکیاکرتا ہے؟“
”دیکھو، اللہ لوک ایسے ”روگ“ نہیں پالا کرتے۔ بس اجازت ہے!“
”شکریہ! بہرحال آتا رہوں گا۔“
پس نوشت:… بیرون ملک مقیم پاکستان پیپلزپارٹی کے ایک کارکن عبدالخالق نے راولپنڈی جنگ میں ہمارے کولیگ فاروق اقدس سے پوچھا ”پیپلزپارٹی چھوڑنے والوں میں سعید اظہر نے عبدالخالق کا نام بھی لیا ہے۔ عبدالخالق تومیں ہوں اور پارٹی میں بھی ہوں۔ “ عرض یہ ہے کہ میں نے 1970میں صوبہ سرحد سے پی پی پی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کارکن بننے والے عبدالخالق خان کا ذکر کیا تھا، جو روئیداد خان کے بھائی تھے!
تازہ ترین