• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے ہاں سردیوں کی چھٹیاں عموماً دس سے پندرہ دن پر محیط ہوتی ہیں لیکن شمالی علاقہ جات میںان چھٹیوں کا دورانیہ زیادہ ہوتاہے۔ ان تعطیلات میں گھر میں رہ کر ان ڈور گیمز کھیلے جاسکتے ہیں، فیملی کے ساتھ آؤٹنگ پر جایا جاسکتا ہے یا پھر ہوسکے تو کسی سرد علاقے کو بھی جایا جاسکتا ہے۔ جو بھی ہو، موسم سرما کی تعطیلات کا فائد ہ ضرور اٹھانا چاہیے اور و ہ سارے کام کرنے چاہئیں، جو سارا سال مصروفیت کی وجہ سے نمٹائے نہیں جاسکے۔ اس ضمن میں کھیل کود اور گھومنے پھرنے سے ہٹ کر ہم بھی آپ کو کچھ مشورے دینا چاہیں گے۔

تعلیمی کورس کا مطالعہ

عموماً موسم سرما کی تعطیلات سے پہلے سیمسٹر ختم ہورہا ہوتاہے اور اس کے بعد نیا سیمسٹر شروع ہوتا ہے۔ آپ کا سیمسٹر ختم ہو گیا ہے تو ضروری نہیں کہ آپ اپنی کتابیں پسِ پشت ڈال کر اس سے حاصل کردہ علم کو دھندلا بیٹھیں۔ یہ درست ہے کہ امتحانات دینے کے بعد کتابیں دیکھنے کو دل نہیں چاہتا لیکن کتابیں صرف امتحان دینے کیلئے نہیں ہوتیں۔ آپ اپنے پچھلے سیمسٹر کی کتابیں اٹھا کر پڑھیں کیونکہ بار بار پڑھنے سے آپ کو اس میں درج معلومات ہمیشہ کیلئے ازبر ہوجائیں گی اور آنے والے سیمسٹرمیں کام آئیں گی۔

آپ اپنے گزرے ہوئے سمیسٹر کا جائز ہ لیں، یہ سوچیں کہ وہ کون سے کام تھے جو ہونے سے رہ گئے تھے اور پھر اس کی منصوبہ بندی کریں کہ وہ آئندہ سیمسٹر میں ہونے سے نہ رہ جائیں۔ ان کاموں کے بارے میں سوچیں جو آپ اچھی طرح کرسکتے تھے لیکن کر نہ پائےاور اس دوران ہونےوالی کوتاہیوں کو آئندہ نہ دہرانے کا خود سے وعدہ کریں۔ یہ بھی سوچیں کہ آپ آنےو الے سیمسٹر میں کیا مختلف کرنا چاہیں گے۔

یوٹیوب پر تعلیمی ویڈیوز دیکھیں

موبائل پر سوشل میڈیا پر وقت ضائع کرنے سے بہتر ہے کہ آپ یوٹیوب پر ایجوکیشنل ویڈیوز سے استفادہ حاصل کریں۔ آپ مختلف ایجوکیشنل چینلز کو سبسکرائب بھی کرسکتے ہیں جیسے کہ

٭فزکس کی دلچسپ اقسام کے بارے میں جاننے کیلئے MinutePhysics۔

٭ہسٹری، کیمسٹری، آسٹرونومی او ردیگر کارآمد معلومات کیلئےCrashCourse۔

٭بائیولوجی سے لے کر سائیکالوجی تک کے سائنس کے موضوعات کے بارے میں جاننے کیلئےAsapSCIENCE۔

آئندہ سمیسٹرکے اہداف مقرر کریں

تعطیلا ت کے بعد شروع ہونے والےسیمسٹر کیلئے پرفارمنس کے ساتھ پروسیس کے بارے سوچیں،کیونکہ پروسیس ہدف یا لائحہ عمل زیاد ہ کارگر ہوتاہے۔ پروسیس ہدف کا مطلب ہوتا ہےکہ آپ کیا کرنا چاہتے ہیں جبکہ پرفارمنس ہدف کا مطلب ہوتا ہے کہ آپ کیا حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ مثال کے طورپر

پرفارمنس ہدف :آئندہ سیمسٹر میں میتھ میں Aحاصل کرنا

پروسیس ہدف :رات کھانے کے بعد تین اضافی میتھ سوالات کو حل کرنا

پروسیس اہداف کے ذریعے آپ اپنی پرفارمنس ہدف کی راہ متعین کر رہے ہوتے ہیں، تو اب وقت آرہاہے کہ آپ اپنے آنے والے سیمسٹر کیلئے10سے15پروسیس اہداف مقرر کرلیں۔

ڈاکیومینٹریز دیکھیں

ڈاکیومینٹری ہیون Documentary Heaven)میں ہزاروں کی تعداد میں ڈاکیومینٹریز موجود ہیں، جہاں آپ اپنی دلچسپی کی ہائی کوالٹی ڈاکیومینٹریز دیکھ سکتے ہیں۔

مختصر جاب

کم مدت میں کمانے کیلئے جاب کرنے کے بجائے کچھ سیکھنے کی خاطر کہیں کام کریں۔ کسی شاپ پر کلائنٹ ہینڈلنگ یا کسی فرم میں چند دنوں کے لیے بلا معاوضہ انٹرن شپ کرلیں ۔

نئی زبانیں سیکھیں

درج ذیل ویب سائٹس وزٹ کرکے آپ نئی زبانیں سیکھ سکتے ہیں:

٭Duolingo

٭Babbel

نئی مہارتیں حاصل کرنا

ان چھٹیوں میں کھانا پکانے کے شارٹ کورسز بھی کیے جاسکتے ہیں اور نت نئی ڈشزسیکھ کر گھر والوں کو مزے مزے کے کھانے کھلا سکتے ہیں۔ اسی طرح اگر آپ کو ڈرائیونگ نہیں آتی تویہی موقع ہے کہ آپ کسی ڈرائیونگ انسٹیٹیوٹ کی خدمات حاصل کرکے ڈرائیونگ میں مہارت حاصل کرلیں۔

مطالعہ کریں

سردیوںمیں لحاف میں گھس کر کتاب پڑھنے کا لطف ہی کچھ اور ہے۔ اگر آپ کو کتابیں پڑھنے کا شوق نہیں تو کتابوں سے دوستی کرنے کا یہ نادر موقع ہے۔ ان دنوں آپ وہ کتابیں بھی پڑھ سکتے ہیں، جو آپ کے کیریئر کیلئے معاون ثابت ہوں۔

آن لائن کورس کرلیں

آن لائن بھی سینکڑوں فری کورسز دستیاب ہیں، جو آپ اپنی دلچسپی کے مطابق گھر بیٹھے کرسکتے ہیں ۔ 

تازہ ترین