• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی وومن ویسٹ زون پولیس نے ملنے والی ایک خفیہ اطلاع پر کاروائی کرکے سال نو کے موقع پر شہر میں شراب کی بڑی سپلائی کی کوشش ناکام بنادی اور فیڈرل بی ایریا میں یوسف پلازہ کے قریب سے شراب سے بھری گاڑی پکڑلی۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ نے میڈیا کو بتایا کہ ویسٹ زون وومن تھانہ کی ایس ایچ او عظمیٰ خان نے خفیہ اطلاع ملنے پر رات گئے شارع پاکستان پر یوسف پلازہ کےقریب ناکہ بندی کی اور سہراب گوٹھ کی طرف سے آنے والی ایک ہائی روف گاڑی نمبر سی ایس 6796 کو مخبر کی نشاندہی پر روک کر تلاشی لی۔

پولیس کے مطابق گاڑی میں مختلف کاٹن بھرے ہوئے تھے۔ ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق ان کاٹنز کو کھول کر دیکھا گیا وہ شراب سے بھرے ہوئے تھے۔ پولیس نے گاڑی کو لیاقت آباد میں واقع وومن ویسٹ زون تھانہ منتقل کیا۔

گاڑی سے مجموعی طور پر شراب کی پونے 4 سو بوتلیں برآمد ہوئیں، ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلام راؤ کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گاڑی کے ڈرائیور ملزم یاسر خان نے انکشاف کیا ہے کہ شراب کا یہ ذخیرہ نئے سال کی تقریبات کے سلسلے میں مختلف جگہوں پر سپلائی کیا جارہا تھا۔

ڈرائیور یاسر خان کو گرفتار کرکے ایس ایچ او وومن ویسٹ زون عظمی خان کی مدعیت میں ایف آئی آر نمبر 5/18 درج کرلی گئی ہے اور اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔

تازہ ترین