قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی فلیگ شپ ریفرنس میں بریت اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا میں اضافے کے لیے اپیل دائر کردی۔
نیب کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو اپیلیں دائر کی گئی ہیں، ایک اپیل کا تعلق احتساب عدالت کی جانب سے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت اور دوسری العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کی سزا میں اضافے کے لیے ہے۔
اس حوالے سے نیب کا مؤقف ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت سے نوازشریف کو 7 سال قید کی سزا کم ہے، اسے بڑھایا جائے۔
نیب کا مؤقف یہ بھی ہے کہ جرم ثابت ہو چکا ہے، نیب آرڈیننس میں دفعہ9 اے5 میں زیادہ سے زیادہ سزا14 سال قید ہے۔
نیب نے احتساب عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی کرپشن کے ٹھوس ثبوت پیش کیے اس لیے انہیں بری کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔