• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا آفس میں پہلی بار کرسمس اور قائد ڈے کے عنوان سے’ سوسائٹی فار کرائسٹ ‘ کے زیر اہتمام ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مسیحی اور مسلم کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری کی زیر صدارت سوسائٹی فار کرائسٹ اسپین کے صدر راجو الیگزینڈر اور دوسرے ممبران نے کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مناسبت سےتقریب کا اہتمام کیا ۔ قونصلیٹ آفس میں ایسی کسی بھی تقریب کا اہتمام پہلی بار کیا گیا تھا ۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام اوربائبل کی دعائیہ آیات سے ہوا ۔تلاوت قرآن پاک کی سعادت الحاج قاری چوہدری عبدالرحمان نے جبکہ میڈرڈ سے آئے ہوئے پادری افتخار نے بائبل سے دعائیہ کلمات پڑھے ۔تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض امیدوار کاتالان پارلیمنٹ حافظ عبدالرزاق صادق نے ادا کئے جبکہ خطاب کرنے والوں میں پاکستانی نژاد محمد اقبال چوہدری اُمیدوار قومی اسمبلی اسپین ، سابق ممبر پارلیمنٹ محمد شعیب ، صوبہ کاتالونیا کی ڈپٹی گورنر ’’ مونسرات گارسیا ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب و پارلیمانی سیکرٹری عامر جوئیل بوبی سہوترہ ، صدر سوسائٹی فار کرائسٹ راجو الیگزینڈر ، ہسپانوی بشپ جوردی ، سید شیراز اور جاوید مغل سمیت دوسرے معززین شامل تھے ۔

مقررین نے اپنے خطاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دور حاضر کی ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کریں اور دوسروں کو سہولیات دیں ۔

انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کی قدر اور بھائی چارے کے فروغ کی تعلیم دیتے ہیں ، اس موقع پر مقررین نے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارک باد دی اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے لگوائے ، قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر سال قونصلیٹ آفس میں کرسمس اور قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم ولادت جوش و خروش اور تزک و احترام سے منایا کریں گے ۔

تقریب کے اختتام پر بزنس کمیونٹی کے نمائندہ چوہدری امانت حسین مہر ، مسلم لیگ قاف اسپین کے صدرعبدالغفار مرہانہ ، چوہدری امتیاز لوراں چیئر مین مسلم لیگ قاف سپین ، مسلم لیگ ن اسپین کے صدرحاجی اسد حسین ، چوہدری محمد ادریس ، پاکستان تحریک انصاف سپین کے صدر محمد شہباز ملک ، ڈپٹی گورنر صوبہ کاتالونیا مونسرات گارسیا ، قونصل جنرل بارسلونا ، راجو الیگزینڈر ، جاوید اقبال گل ، عامر جوئیل بوبی سہوترہ ، پیٹر بہادر ، رضوان کاظمی ، حافظ عبدالرزاق صادق سمیت سوسائٹی فار کرائسٹ کے ممبران اور دوسرے معززین نے مل کر کرسمس اور قائد ڈے کے کیک کاٹے اور پاکستان کے استحکام اور مذاہب میں محبت اور بھائی چارے کی فضاء قائم ہونے کی دعا مانگی ۔

تازہ ترین