• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان 177پر آؤٹ، جنوبی افریقا 2 وکٹوں پر 123 رنز

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز کے اسکور 177 رنز کے جواب  میں جنوبی افریقا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنالئے۔

پاکستان کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے اُسے مزید 54 رنز درکار ہیں اور اُس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

جنوبی افریقی اوپنرز ایلگر اور مارکرم نے 56رنز کا شاندار آغاز فرام کیا، ایلگر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مارکرم اور ہاشم آملہ نے اسکور میں مزید 67 رنز کا اضافہ کیا، مارکرم 78 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

پہلے روز کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے 123رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوتے تھے، آملہ 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس پہلے پاکستان کی پوری ٹیم 177رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

سرفراز احمد 56 اور شان مسعود 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، دوسرے ٹیسٹ میں بھی پاکستانی اوپنر ایک اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور 13 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان اور امام الحق آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

ٹیم کا اسکور جب 19 رنز ہوا تو تجربہ کار بیٹسمین اظہر علی 2 کے انفرادی اسکور پر اولیویئر کا شکار بنے، اسد شفیق نے کچھ مزاحمت کی مگر وہ بھی 20 رنز بنا کر ربادا کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ بابر اعظم 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جو پویلین لوٹنے والے پانچویں بیٹسمین تھے۔

یوں 54 رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، کپتان سرفراز اور شان مسعود نے چھٹی وکٹ کی پارٹنرشپ میں60رنز جوڑے، مگر شان مسعود 44رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز احمد سب سے زیادہ 56رنز بناکر آؤٹ ہوئے، یاسر شاہ نے 5رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد عباس صفر اور شاہین شاہ آفریدی تین رنز بناسکے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے اولیویئر نے چار، اسٹین نے تین، ربادا نے دو جبکہ فلینڈر نے ایک وکٹ لی۔

دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی بیٹنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم فاسٹ بولر حسن علی کی جگہ محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقا نے اسپنر مہا راج کی جگہ ایک اور فاسٹ بولر فلینڈر کو موقع دیا ہے۔

تازہ ترین