• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھڑکیاں تو ہر گھر میں بنائی جاتی ہیں لیکن ان سے منسلک نشست گاہیں آپ نے کم ہی گھروں میں دیکھی ہوں گی۔ وکٹورین اسٹائل طرز پر تعمیر کیے گئے گھروں میں’’ ونڈو سیٹ‘‘ کا رجحان ایک عام سی بات ہے۔ تاہم جدید فنِ تعمیر میں یہ اسٹائل کم ہی جگہوں پر دیکھنے میں آتا ہے۔ کھڑکیوں سے منسلک نشست گاہیں جہاں کمرے کو ایک خوبصورت انداز فراہم کرتی ہیں، وہیں اس کے کئی فوائد بھی ہیں مثلاً یہاں بیٹھ کر اہل خانہ کے ساتھ باہر کے موسم اورخوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب ان منفرد نشست گاہوں کے ذریعے اسٹوریج کا بھی مناسب حل تلاش کیا جاسکتا ہے۔ اگر آپ بھی ونڈو سیٹنگ بنوانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کیلئے کچھ منفرد ڈیزائن ڈھونڈ رہے ہیں تو مندرجہ ذیل تجاویز آپ کے لیےسود مند ثابت ہوسکتی ہیں۔

لیونگ روم میں ونڈو سٹنگ

لیونگ روم گھر کا وہ حصہ ہے، جہاں گھر والے اور مہمان سب سے زیادہ بیٹھتے ہیں، اسی لیےیہاں سٹنگ ارینجمنٹ پر سب سے زیادہ توجہ دی جاتی ہے۔ اکثر افراد لیونگ روم کے لیے ایک صوفہ سیٹ کےبجائےڈبل صوفہ سیٹ رکھتے ہیں تاکہ زیادہ مہمانوں کی موجود گی میں بھی بیٹھنے کی جگہ کم نہ پڑے۔ اگر آپ لیونگ روم کےلیے ونڈو سیٹنگ کا انتخاب کریں تو یہ انتخاب بھی اس حصے کے بہترین ثابت ہوگا۔ گھر کی تعمیر کے وقت لیونگ روم کی مرکزی دیوار کو کھڑکیوں کے لیے منتخب کیجیے اور اس کے نیچے دیوار سے منسلک ایک سیٹی یا ٹیبل بنوادیں، جو لکڑی یا پھر پتھر دونوں قسم کے مواد کے ساتھ بنوائی جاسکتی ہے۔ دور جدید میں ٹیبل اسٹائل سیٹنگ کی آرائش وزیبائش پر خاصی توجہ دی جارہی ہے۔ خوبصورت میٹریس،پردوں اور کشن کے استعمال اس ایریا کو ایک خوبصورت سٹنگ ایریا میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

اوریل ونڈو اسٹائل اور سٹنگ ارینجمنٹ

اوریل ونڈواسٹائل ماضی کا ایک مقبول ونڈو ٹرینڈ ہے، جو ان دنوں ایک بار پھر سے خاصا مقبول ہورہا ہے۔ اس قسم کی کھڑکیاں مختلف مٹیریل کے ساتھ گھر کی پہلی منزل پر بیرونی حصے کے رُخ پر تعمیر کروائی جاسکتی ہیں۔ اس قسم کی کھڑکیوںکے لیے ضروری ہے کہ باہر کی جانب نمایاں ہونی والی ان کھڑکیوں میں بیرونی طرف ہی سٹنگ ایریا بنوایا جائے۔ لازمی نہیں اوریل ونڈواسٹائل کو روایتی انداز میں ہی منتخب کیا جائے بلکہ یہ اسٹائل شیشے کے ساتھ بھی مکمل طور پر تعمیر کروایا جاسکتا ہے، جو کہ گھر میں ایک خوبصورت نشست گاہ کے علاوہ بیرونی حصے کو بھی ایک خوبصورت انداز فراہم کرتا ہے۔

کھڑکیوں کے ساتھ لائبریری

ونڈو سیٹنگ کے لیے ایک منفرد آئیڈیا یہ بھی ہے کہ جس حصے میں آپ نے کھڑکی تعمیر کروانی ہو یا پہلے سے ہی وہاں کھڑکی تعمیر ہوچکی ہو، اس حصے کے دونوں اطراف ورٹیکل اسٹائل میںلکڑی کے خوبصورت شیلف بنوادیں۔ آدھی دیوار سے کچھ زیادہ حصہ کھڑکیوں کے لیے مختص کریں اور نچلے حصے میں خوبصورت راؤنڈ اسٹائل میں سٹنگ ایریا تعمیر کروادیں۔ اگر آپ کے گھر میں کہیں لائبریری موجود نہ ہو تب بھی یہ ایریا لائبریری کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس لائبریری اسٹائل کو آپ بیڈروم یا لیونگ روم میں سے کسی بھی حصے کے لیے منتخب کرسکتے ہیں، یہ اسٹائل گھر کے تمام حصوں کے لیے بہترین ہے۔

گارڈن ونڈو اور سٹنگ ارینجمنٹ

گھروں میں باغیچے سے منسلک کھڑکیوں کی تعمیر کا رجحان زیادہ پایا جاتا ہے۔ گھر کے باغیچے کے ساتھ بنی ان کھڑکیوں سے پھولوں اور پتیوں کی خوشبو جب گھر کے اندر داخل ہوتی ہے تو مکینوں پر بہت اچھاتاثر قائم کرتی ہے۔ اگر آپ کے گھر میں بھی گارڈن ونڈو موجود ہے توسٹنگ ارینجمنٹ کی جانب توجہ دیں۔ کھڑکیوں کی تعمیر کے دوران کھڑکیوں سے منسلک یا ذرا فاصلے پرسٹنگ ارینجمنٹ کا انتظام کچھ منفرد انداز میں کریں اور اس حصے کی آرائش وزیبائش کا بھی خاص خیال رکھیں۔ مٹیریل کے طور پر شیشے کا انتخاب کریں تاکہ باغ اور اس کے اطراف کا دلکش نظارہ آپ کے ساتھ آپ کے مہمانوں کو بھی دیکھنے کو ملے۔

پچھلے حصےمیں ونڈو سٹنگ

گھر کے پچھلے حصے (بیک یارڈ) میں بیٹھنے کی جگہ کو خوبصورت بناتے ہوئے منفرد اسٹائل کی ونڈو سٹنگ پر توجہ دیں۔ گھر کے اس حصے میں عام طور پر کھڑکیاں نہیں بنوائی جاتیں، تاہم اگر آپ یہاںبیٹھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ونڈو سٹنگ بنوائی جاسکتی ہےیعنی اس حصے میں دیوار پر بنی کھڑکی کے نیچے بیٹھنے کے لیے لکڑی یا سیمنٹ کی بینچ بنوائیں ( اگر یہ پتھر کے ساتھ بنوائی جائے تو آپ کے گھر کی رونق میں مزید اضافہ کرے گی)۔

آتش دان کی خوبصورتی بڑھائیں

لیونگ ایریا کے لیے فائر پلیس (آگ جلانے کی جگہ) کا انتخاب جہاںآپ کے گھر کو کسی خوابوں کے گھر کی شکل دے سکتا ہے۔ وہیں کارنر پر بنی خوبصورت اسٹائل ونڈو اور سٹنگ ارینجمنٹ بھی اس کی دلکشی بڑھا سکتی ہے۔اس اسٹائل کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ یہ کم جگہ میں بھی تعمیر کروائی جاسکتی ہیں۔

تازہ ترین