• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چند برس قبل ایک غیرملکی جریدے کی جانب سے امریکا کے 104ٹاپ CEOs سے ایک سروے کیا گیا تھا۔ سروے میں ایک باصلاحیت اور مؤثر ملازم کی20خصوصیات درج کی گئی تھیں اور ان سے پوچھا گیا تھا کہ وہ ’سب سے اہم‘ خصوصیات کا انتخاب کریں۔ 86فی صد سی ای اوز نے دو خصوصیات کو سرِفہرست رکھا، جو ان کے خیال میں ایک ملازم کو پیشہ ورانہ زندگی میں کامیابی دِلانے اور آگے بڑھنے میں اہم ترین کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ خصوصیات تھیں:

1-ترجیحات کا تعین کرنے اور مفیدسے غیر مفید کو علیحدہ کرنے کی صلاحیت

2-ایک کام کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی صلاحیت

کیریئر میں آگے بڑھنے کا سب سے اہم راز کیا یہ ہے کہ آپ اہم ترین کام جلد از جلد اور ٹھیک طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ساکھ کے حامل بنیں۔

اگر آپ شعبہ آرکیٹیکچر سے وابستہ ہیں تو آپ کے لیے بھی یہی بات مؤثر ہے۔ برینڈن ہببرڈ معروف امریکی محقق ہیں، جو اپنے ایک بلاگ میں لکھتے ہیں کہ نوکری کے لیے درخواست تیار کرتے وقت اپنے کوائف میں اپنی صلاحیتوں اور ممکنہ نوکری کی ذمہ داریوں کے اہم ترین نکات پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے ان میں تعلق قائم کریں۔ اگر آپ ایک آرکیٹیکچر آفس میں ملازمت کرتے ہیں تو وہاں ’جو اہم ہے اسی پر توجہ مرکوز رکھیں‘ کے قانون کو لاگو کریں۔ باقی چیزیں خود بخود ہوتی چلی جائیں گی۔

کردار بدلیں

آپ کے لیے ایک مددگار مشق یہ ہوسکتی ہے کہ خود کو اپنے موجودہ سپروائزر کے کردار میں دیکھیں۔ آپ کو ایک پروجیکٹ کا آرکیٹیکچر مکمل کرنا ہے۔ اس کے لیے آپ کے پاس2آرکیٹیکٹس کی ٹیم ہے۔ دونوں کا تجربہ اور صلاحیتیں کم و بیش ایک جیسی ہیں، تاہم دونوں اس پروجیکٹ کو مختلف نوعیت سے دیکھتے ہیں۔

ایک آرکیٹیکٹ، صبح آتے ہی اس پروجیکٹ کے لیے ایک مخصوص ورژن ڈیزائن کرتا ہے، تاہم اسے ڈیزائن سوفٹ ویئر میں نیا’پلگ اِن‘ استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور وہ باقی پورا دن یہ تعین کرنے میں گزار دیتا ہے کہ پلگ اِن کیوں کام نہیں کررہا۔ دوسرا آرکیٹیکٹ، ڈرائنگ کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتا ہے، پہلے پیچیدہ مراحل مکمل کرنے کو ترجیح دیتا ہے اور طے کرتا ہے کہ ایک مختلف ڈیزائن سوفٹ ویئر کے ذریعے اس پروجیکٹ کو کیسے ایک مہینے کے بجائے پندرہ دن میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔

آپ اپنی ٹیم میں کسے رکھنا پسند کریں گے؟

یقیناً، آپ اپنی ٹیم کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور پہلے آرکیٹیکٹ کو ایک پلگ اِن پر اتنا زیادہ وقت برباد کرنے سے روکیں گے اور دونوں کے لیے ’قابلِ عمل‘اہداف اور راستے کا انتخاب کریں گے۔

مسئلہ حل کرنے والے بنیں

آرکیٹیک بنیادی طور پر مسائل کو حل کرنے والا(Problem Solving) پیشہ ہے۔ کوئی دو عمارتیں ایک جیسی نہیں ہوتیں، اس لیے ہر آرکیٹیکچر کی پیچیدگیوں کو سمجھنا اور اس کے لیے حل نکالنا آپ کی اہم خصوصیت ہونی چاہئیں۔ آپ نے اکثر منیجرز کو یہ کہتے سنا ہوگا، ’میں ان دو کے ساتھ وہ کام انجام دے سکتا ہوں جو دیگر پانچ کے ساتھ بھی ممکن نہیں‘۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ دو لوگ جانتے ہیں کہ مسائل کو حل کرتے ہوئے کام کو کس طرح مؤثر انداز میں اور بروقت مکمل کرنا ہے۔

پروجیکٹ پر کام کا آغاز

ایک پروجیکٹ پر کام شروع کرنے سے پہلے ایک لمحہ رُک کر یہ سمجھ لیں کہ اس میں کیا پیچیدگیاں ہیں۔ اس طرح آپ ممکنہ حل اور راستے کا انتخاب کرپائیں گے۔

ٹیم میں اور کون ہے؟

آپ گروپ اسٹرکچر کو سمجھیں۔ ایک بڑے دفتر میں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کون کیا کررہا ہے، تاکہ ایسا نہ ہو کہ ایک ہی کام کو دو لوگ کرنے لگ جائیں۔

ٹیم میں شامل آرکیٹیکٹس کی صلاحیتیں

اپنی ٹیم میں شامل دیگر آرکیٹیکٹس کی صلاحیتوں کے بارے میں جانیں، شاید اس طرح آپ کسی ساتھی آرکیٹیکٹ کے ساتھ اپنا رول بدل سکیں، جس میں آپ بہتر نتائج دینے کے قابل ہوں۔ دوسری طرف وہ آپ کے کردار میں بہتر نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

پروجیکٹ کس مرحلے میں ہے؟

بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ ایک پروجیکٹ پہلے ہی جاری ہوجاتا ہے اور آپ کچھ دیر بعد اس کا حصہ بنتے ہیں۔ ایسے میں آپ کے لیے یہ جاننا بنیادی ضرورت کا حامل ہوتا ہے کہ پروجیکٹ پر اب تک کس حد تک کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

کیا کرنا ہے اور کب کرنا ہے؟

کسی بھی کام میں ڈیڈ لائنز اہم ہوتی ہیں۔ تمام اہم سنگِ میل کے تکمیل ہونے کی تاریخیں اپنے کیلنڈر پر درج کریں اور اسے گاہے بگاہے پیشرفت کے مطابق اَپ ڈیٹ کرتے رہیں۔

ترجیحات کیا ہیں؟

غالباً یہ سب سے اہم سوال ہے کہ ترجیحات کیا ہیں۔ اہم ترین سے شروع کرتے ہوئےکم اہم کی فہرست بنائیں اور اسی ترجیح کی بنیاد پر کام انجام دیتے جائیں۔ جیسے ہی ایک سنگِ میل عبور ہو اسے فہرست میں سے خارج کردیں یا اس پر کراس کا نشان لگادیں۔

تازہ ترین