• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’پشاور دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے‘‘

خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کہتے ہیں کہ پشاور میں ہونے والے دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دھماکا سافٹ ٹارگٹ ہے، یہ علاقہ انتہائی پرامن رہا ہے، واقعے کو معمولی نہیں لے رہے، سیکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لیں گے۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ علاقے میں سرچ آپریشن کریں گے، دھماکا سفیدرنگ کی گاڑی میں ہوا، جس سے 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، جہاں تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پشاور میں ہونے والے اس دھماکے میں 9 سے 10 کلوگرام تک دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور میں آج صبح سویرے صدر کالاباڑی میں واقع ایک ہوٹل کے قریب گاڑی میں نصب بم کا دھماکا ہوا جس سے 6 افراد زخمی ہو گئے۔

دھماکا ہوتے ہی سیکیورٹی فورسز، پولیس، بم ڈسپوزل اسکوا، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسیں دھماکے کے مقام پر پہنچ گئیں، سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیر کر آمد و رفت معطل کر دی۔

دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ 6زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین