• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوکیو میں ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ کی تقریب

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ذوالفقار علی بھٹو کی 91 ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا اور کیک کاٹا گیا، جس میں بڑی تعداد میں کمیونٹی اور پیپلزپارٹی کے جیالوں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی جاپان کے سابق جنرل سیکریٹری شاہد مجید نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت بھٹو خاندان کی جانوں کا صدقہ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، پاکستان کے نوے ہزار قیدیوں کو بھارت کی قید سے چھڑایا، پاکستان کو ایٹمی طاقت دیکر ناقابل تسخیر اور عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ذوالفقار بھٹو نے عالم اسلام کو متحد کیا اور عرب ممالک کو تیل کی دولت کا احساس دلایا، ان کی انہی کاوشوں پر مغربی طاقتیں بھٹو کی دشمن بنیں اور انہیں ایک آمر کےذریعے موت کی سزا دلوائی۔

شاہد مجید نے مزید کہا کہ ایک بار پھر بھٹو خاندان پر ظلم و ستم کی تیار ہورہی ہے لیکن دنیا بھر میں جیالے کسی بھی ناانصافی کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے۔

اس موقع پر اسلامک سینٹر تجویدالقران جاپان کے سربراہ قاری علی حسن ،ممتاز سماجی شخصیت الحاج فواد احمد مشتاق غنی یوسف اور پی پی کے جیالے یوسف علی چوہدری طلحہ ناصر خان نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں کارکنوں کی بڑی تعدادموجود تھی۔

قاری علی حسن نے ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ شاہد مجید کو پیپلزپارٹی اوورسیز کا جنرل سیکریٹری مقرر کریں تاکہ وہ دنیا بھر میں پارٹی کو منظم کرسکیں۔

تازہ ترین