• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ہیلتھ ایکسپو میں ہزاروں افراد کے مفت بلڈٹیسٹ اور علاج

کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طالب علموں کی غیر سرکاری اور غیر سیاسی تنظیم ’ ہوپس‘ کے زیر اہتمام ’چوتھی ہیلتھ ایکسپو‘ کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا مقصد لوگوں میں صحت کے امور سے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرنا تھا۔

ہیلتھ ایکسپو میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ نمائش میں آنے والوں کو ان کی صحت کے بارے میں مفت معلومات اور ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ ایگزیکٹو کلینکس میں ماہر ڈاکٹروں نے عوام کا مفت جسمانی امراض کے علاج کے ساتھ ذہنی دباؤاور دماغی امراض کے علاج کے بارے میں مفید مشورے دئیے۔


ہوپس کی میڈیکل ایکسپو میں ہزاروں افراد کے بلڈپریشر،ذیابطیس ، کولیسٹرول سمیت خون کے مختلف ٹیسٹ بھی کیے گئے ۔ اس کے علاوہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے طلبہ نے 20 سے زائدکلینکس میں سیکڑوں افراد کے دانتوں کا معائنہ اور ضرورتمندوں کا مفت علاج کیا ۔

ہیلتھ ایکسپو میں انڈس اسپتال، چغتائی لیب، ہیلپ انٹرنیشنل ویلفیئر ٹرسٹ کے علاوہ دیگر فلاہی اداروں نے بھی مفت سہولیات فراہم کرنے میں ’ہوپس‘ کے رضاکاروں کی مدد کی۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اہلکاروں نے عوام کو فوری طبی امداد کی ٹریننگ ورک شاپ کا انعقاد کیا جس سے سینکڑوں لوگوں نے افادہ کیا۔

نمائش کا افتتاح ڈپٹی میئر ارشد وہرہ نے کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر فاروق ستار، اینکر پرسن ساحر لودھی،رکن قومی اسمبلی عدیل احمد، ماہر غذائیات غفیریہ انیس سعید، اداکارہ نمرہ خان اور دیگر نے شرکت کی۔ مہمانوں نے ہوپس کی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی مسلسل حمایت اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔

’ہوپس‘ کی صدر مریم راحت سعید نے نمائش کے کامیاب انعقاد پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے ہوپس کے رضاکاروں، مہمانان گرامی کے ساتھ ہیلتھ ایکسپو میںآنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔

طلب علموں کی یہ تنظیم گزشتہ 25 برسوں سے کراچی کے عباسی شہید اسپتال، کراچی ادارہ برائے امراض قلب کے علاوہ کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں عوام کو علاج کے ساتھ مفت ادویات کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔

تازہ ترین