• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد / کراچی (نیوز ایجنسیز) پیپلز پارٹی کے رہنماؤں مرتضیٰ وہاب ، مصطفیٰ نواز کھوکھر ، نفیسہ شاہ اور نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی ساکھ ختم ہوگئی ، مقدمات کی سیاسی بنیاد ثابت ہوگئی ، وفاقی حکومت معافی مانگے، تحریک انتقام کو امور مملکت پر توجہ دینا چاہئے، استعفیٰ مانگنے والے خود مستعفی ہوں۔تفصیلات کے مطابق پیر کوسپریم کورٹ کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور جے آئی ٹی رپورٹ سے حذف کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ جے آئی ٹی سیاسی ہے اور سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے جے آئی ٹی کی ساکھ بھی ختم ہوگئی، عدالت عظمی نے بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ کے نام جے آئی ٹی میں آنے کو بدنیتی قرار دیا ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہا کہ ہم نے کوئی استثنی نہیں مانگا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں اور فیصلوں کا احترام کیا ہے اور ہماری قیادت عدالتوں میں پیش ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج عدالت نے بھی ان تمام چیزوں کو مسترد کیا اور معاملہ نیب کے حوالے کیا، آج عدالت کہہ رہی ہے کہ بلاول اور وزیراعلی سندھ کا نام ای سی ایل میں ڈالنا غلط ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تحریک انتقام کو امور مملکت پر توجہ دینا چاہیے اور سیاسی انتقام چھوڑ دیں، تحریک انصاف، تحریک انتقام بن گئی ہے۔

تازہ ترین