• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


چین کے شہر ہربن میں35ویں سالانہ آئس اینڈ اسنو فیسٹیول پوری آب و تاب سے جاری ہے اور جوق در جوق سیاح اس فیسٹیول کا رخ کر رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے سرد ترین شہر ہربن میں35ویں سالانہ آئس اینڈ اسنو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں برف کا یہ منفرد میلہ دنیا کے چار عظیم اسنو فیسٹیولز میں سے ایک ہے۔

اس میلے میں ہر سال چین اور دنیا بھر سے برف کے سینکڑوں مجسمہ ساز اور آرٹسٹ جمع ہوکر خوبصورت شاہکار تخلیق کرتے ہیں۔ اسی مقصد کے لیے ورکرز نے ہربن سے برف کے1 لاکھ 50ہزار کیوبک میٹر کے دیوہیکل ٹکڑے کاٹ کر میلے کے مقام پر پہنچائےہیں اور محض 20دن میں100سے زائد کئی میٹر بلندبرف کے مجسمے تیار کئے ہیں جنہیں خوبصورت روشنیوں سے بھی سجایا گیا ہے۔

رواں سال اس میلے کو حتمی شکل دینے کے لیے 10ہزارسے زائد ورکرز اور سینکڑوں آرٹسٹ میدان میں موجود ہیں۔ لاکھوں اسکوائر میٹر رقبے پر کئی میٹر اونچے ٹاورز اور شاندار آئس سلائیڈ کے علاوہ سینکڑوں برفیلے مجسمے تیار کئے گئے ہیں۔

یہ برفانی میلہ ہر سال تقریباً ڈیڑھ سے دو ماہ تک چین کے شہر ہربن میں جاری رہتا ہے جہاں فروری کے اختتام تک سیاحوں کی بڑی تعداد برف سے بنائے گئے مجسمے اورآرٹ کے انمول نمونے دیکھنے جمع ہوتی ہے۔

تازہ ترین