• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کیلئے تعلیم کے شعبے میں بہتری اولین ترجیح ہے۔رواں مالی سال شعبہ تعلیم کیلئے 373ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کی اہمیت کے پیش نظر پائیدار اقدامات پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور شعبہ تعلیم کیلئے مقررہ اہداف حاصل کریں گے۔قوموں اور ملکوں کی ترقی و خوشحالی کا ایک سچا حوالہ علم و ہنر ہے۔یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ دنیا میں بالادست مقام انہی قوموں اور ملکوں کا مقدر بنا جنہوں نے علم کا دامن تھاما اور اس پر استقامت اختیار کی۔ ہمارا المیہ یہ رہا کہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والی مملکتِ خداداد میں اسلامی تعلیمات کے برعکس صورتحال رہی اورعلم وہنر کی ترویج پر کوئی خاص توجہ نہ دی گئی ۔ متعدد پالیسیاں بنائی تو گئیں لیکن کسی پر بھی خاطرخواہ عملدرآمد نہ ہو پایا۔نتیجتاً تعلیم کا معیار گرتا چلا گیا، اسی دوران نجی تعلیمی ادارے قائم ہونا شروع ہوگئے جواز یہ دیا گیا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کی کمی اسی صورت میں دور کی جا سکتی ہے۔اس کا نقصان یہ ہوا کہ نئے سرکاری تعلیمی ادارے نہ بنائے گئے بلکہ پہلے سے موجود ادارے بھی مزید زبوںحالی کا شکار ہو گئےاور گھوسٹ اسکولوں تک کی خبریں بھی سامنے آئیں۔دوسری جانب تعلیم نجی شعبے کی تحویل میں جانے سے کاروبار بن گئی ۔حکومت کو چاہئے کہ دنیا بھر کی ترقی یافتہ اقوام کی طرز پر تعلیم کو اپنی نگرانی میں رکھے، نئے تعلیمی ادارے بنائے اور تعلیم کے معیارپر کوئی سمجھوتہ نہ کرے۔ سرکاری تعلیمی اداروں میں سہولیات اور تعلیم کا معیار بہتر ہو گا تو عوام ان کی طرف مائل ہوں گے۔سب سے اہم بات معیار تعلیم کو جدید دنیا سے ہم آہنگ کرنا ہے تاکہ ہمارے طالب علموں کووقت کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے ساتھ چلنے میں دشواری کا سامنا نہ ہو ۔حکومت کا تعلیم کی ترویج کو اولین ترجیح بنانا لائق تحسین ہےتاہم اس کے ثمرات تبھی حاصل ہوں گے جب تعلیم کا معیار بھی بین الاقوامی سطح کا ہو گا۔

تازہ ترین