• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری حکومت محکوم کشمیریوں کی بھارت سے جلد از جلد آزادی کی خواہاں ہے، گورنر پنجاب، پاک ایڈتنظیم کا بھی افتتاح

لندن (جنگ نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کی خواہش ہے کہ محکوم کشمیریوں کو جلد از جلد بھارت سے آزادی ملے۔ وہ گزشتہ روز لندن میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لندن میں بھی ممکنہ طور پر ڈائوننگ سٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل فون پر ٹیکس کے حوالے سے بڑی تعداد میں لوگوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور وہ واپس جا کر متعلقہ حکام سے اس ضمن میں بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا بڑا مسئلہ ان کی جائیدادوں پر قبضہ ہے، ہم کسی کی بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے اور حقداروں کو ان کا حق دلائیں گے۔ ایک سو گیارہ پولیس جوانوں پر مشتمل پروٹوکول کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ پولیس والے گورنر ہائوس کی حفاظت پر تعینات ہیں، میں نے تو اپنا پروٹوکول نصف کردیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں آباد پاکستانیوں کو مقامی سیاست میں ضرور حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام فیصلے وہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ اپنی کابینہ کی مشاورت کے ساتھ کرتے ہیں۔ اس موقع پر رومی ملک، عاطف چوہدری اور سیف چوہدری بھی موجود تھے۔ 

تازہ ترین