• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں بیماریوں کی بڑی وجہ گندا پانی ہے،چوہدری محمد سرور، پاک ایڈتنظیم کا افتتاح

لندن (جنگ نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیماریوں کی بڑی وجہ گندا پانی ہے، جسے پی کر ہر سال 11لاکھ افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ وہ لندن میں پاک ایڈ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ پاک ایڈ کے قیام کا بنیادی مقصد پاکستان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ میرے دورہ برطانیہ کا مقصد تمام پرانے دوستوں سے ملنا تھا اور انتخابات میں حمایت کرنے والے تحریک انصاف کے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ پینے کے صاف پانی کیلئے فنڈز جمع کرنا بھی تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہسپتال آنے والے افراد کی بیماری کی 50 فیصد وجہ گندا پانی ہوتا ہے، بچے خاص طور پر گندا پانی پینے سے زیادہ بیمار ہوتے ہیں اور ہر سال ایک لاکھ بچے چلڈرن ہسپتال گندا پانی پینے کی وجہ سے آتے ہیں، برطانیہ آنے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ لوگوں کو یہ آگاہی فراہم کی جائے کہ پاکستان میں لوگ کن حالات میں رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلاسگو میں فنڈ ریزنگ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں 6لاکھ پائونڈز سے زیادہ رقم جمع کی، امام قاسم نے پاکستان میں 20 کروڑ روپئے کی لاگت سے 99 پلانٹ لگانے کا اعلان کیا ہے، مانچسٹر میں بھی چیرٹی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ محمد سرور نے کہا کہ چیرٹی پراجیکٹ کے ذریعے پورے ملک کو صاف پانی کی فراہمی ممکن نہیں لیکن اس ضمن میں کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے، فی الحال ہم جائزہ لے رہے ہیں، کچھ علاقوں میں چیرٹی ادارے پانی فراہم کریں گے، پنجاب آب پاک اتھارٹی بھی قائم کی جا رہی ہے، جس کے تحت فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے، بند ہوجانے والی واٹر سکیمیں دوبارہ شروع کی جائیں گی، ہمارا ہدف ہے کہ 2019 میں کم از کم 50 لاکھ افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کامران خان نے کہا کہ پاکستان میں نئی حکومت آئی ہے اور گورنر پنجاب کا تعلق برطانیہ سے ہے اور وہ یہاں کے معاملات بہت بہتر طور پر سمجھتے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ محمد سرور اپنا تجربہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے استعمال کریں، اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ لوگ یہاں سے پاکستان میں سرمایہ لگائیں گے، جس سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔ تحریک انصاف لندن کے صدر بیرسٹر وحیدالرحمٰن نے کہا کہ پاکستانی قوم بہت فیاض ہے اور دنیا کو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ ہم صرف لیتے نہیں دیتے بھی ہیں اور اس وجہ سے پاکستان کا شمار زیادہ چیرٹی کرنے والے ٹاپ کے 10 ممالک میں ہوتا ہے۔ چوہدری محمد صدیق نے کہا کہ پاکستان میں اچھے مقاصد کیلئے اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ تعاون کیا ہے اور پانی کے منصوبوں کیلئے بھی ہم بھرپور تعاون کریں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما عاطف چوہدری نے کہا کہ عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور وہ ان کے مسائل بھی حل کریں گے، بس کچھ انتظار کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہ اس سے پہلے اوورسیز منسٹر ی صرف سعودی عرب اور امارات تک ہی محدود رہتی تھی لیکن اب امریکہ اور یورپ کو بھی منسٹری کی ذمہ داری میں شامل کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا تعلق بھی برطانیہ سے ہے۔ تقریب میں ساجد خان، زاہدہ نوری، شفقات خان، امجد خان، قاضی عمران اور دیگر بھی شریک تھے۔

تازہ ترین