• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم آبادی کے ساتھ وفات کی شرح میں بھی اضافہ، بریڈ فورڈ میں سالانہ 360 مسلمانوں کی تدفین ہونے لگی

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) بریڈفورڈ میں مسلمانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر قبرستانوں میں مسلمانوں کی تدفین کی شرح بھی بڑھنے لگی اس حوالے سے بریڈفورڈ کونسل میں ہونے والی میٹنگ میں کونسل آف مساجد کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار کریم نے بریڈفورڈ کونسل کو بتایا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں مسلمانوں کی تدفین میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے 1981 میں بریڈفورڈ کے قبرستان میں مسلمانوں کی صرف چھ قبریں تھی اب ہر سال بریڈفورڈ میں 360مسلمانوں کی تدفین ہو رہی ہے ۔سال 2001کی مردم شماری کے مطابق بریڈفورڈ میں مسلمانوں کی آبادی 75188تھی جبکہ سال 2011کی مردم شماری میں اکہتر اعشاریہ چھ فیصد اضافے کے ساتھ مسلمانوں کی تعداد ایک لاکھ 29ہزار اکتالیس ہو گئی ہے اور دن بدن مسلمانوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ اب برطانوی مسلم کمیونٹی زیادہ تر تدفین برطانیہ میں ہی کرتے ہیں پانچ فیصد سے کم ہی مسلمان اپنی میتوں کو واپس اپنے آبائی وطن لے کر جاتے ہیں ذوالفقار کریم جو یارکشائر میں ملکہ برطانیہ کے ڈپٹی لیفٹینینٹ بھی ہیں جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مسلمان مل جل کر اپنی دینی اور ثقافتی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس ملک کو اپنا ملک سمجھتے ہوئے اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں قبرستانوں میں مسلمانوں کی قبروں میں تیزی سے اضافے کی وجہ برطانیہ میں مسلمانوں کو ہر طرح کی مذہبی آزادی اپنے دین اور اسلامی طریقے سے میتوں کو دفنانے اور حکومتی سطح پر قبرستان کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ برطانیہ میں ہماری پروان چڑھنے والی تیسری نوجوان نسل بھی ہے جو یہ چاہتی ہے کہ ان کے پیاروں کی قبریں یہاں ہی ہوں تا کہ وہ آسانی سے قبروں پر حاضری دے سکیں۔ ایک نیشنل سروے کے اعداد و شمار کےمطابق اس وقت بریڈفورڈ شہر سولہ سال عمر کے نوجوانوں کی تعداد کے لحاظ سے برطانیہ میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ مسلمانوں کی ضلع بریڈفورڈ میں مجموعی آبادی پچیس فیصد ہے۔ بریڈفورڈ کونسل کے ڈپٹی لیڈر کونسلر عمران خان نے کہا کہ جس تیزی سے تدفین کی تعداد زیادہ ہو رہی ہے ہمیں مزید قبروں کے لیے قبرستان کے لیے مختص کی گئی جگہ کو تیار کرنے کے لئے فوری کام کرنے کی ضرورت ہے۔ بریڈفورڈ کونسل کی ایگزیکٹو میٹنگ میں پیش کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق سکال مور کا قبرستان اموات کی شرح کے لحاظ سے تین سے چار سال تک استعمال ہو سکے گا مزید دس سال کے لیے مختص کی گئی قبرستان کی جگہ پر رواں سال بریڈفورڈ کونسل اپنا کام شروع کرے گی اس کے علاوہ بریڈفورڈ کے دیگر ناب ووڈ ، سکال مور کے علاقے میں واقع قبرستان میں مسلمانوں کے لیے قبروں کی جگہ کو مزید تیس سے چالیس سال تک مختص اور توسیع کے ساتھ کیتھلے اور شپلی کے علاقے میں مزید قبرستان بنانے کی بھی تجاویز پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے بریڈفورڈ کونسل نےمقامی مسلمان کمیونٹی سے مل کر کمیونٹی کی ہر طرح کی ضروریات کو پورا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تازہ ترین