• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

علما مشائخ کنونشن امت میں بیداری کا ذریعہ بنے گا، علمائے کرام

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) 12جنوری کاعلما مشائخ کنونشن امت مسلمہ میں بیداری اور تحریک پیدا کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ امت مسلمہ عالمی سطح پر وسیع اتحاد ہی کے ذریعے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ حضور نبی کریمﷺ سمیت دیگر مقدس ہستیوں کے احترام کو عالمی سطح پر یقینی بنانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار آستانہ عالیہ گولڑہ شریف کے پیر مہر محی الدین گیلانی رومی، پیغام عشق رسول انٹر نیشنل کے چیئرمین صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی، علما کونسل برطانیہ کے ناظم اعلیٰ امام حفیظ الرحمن چشتی، حافظ محمد فاروق چشتی نے مشترکہ طور پر جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر مہر محی الدین گیلانی رومی نے کہا کہ آستانے ہمیشہ پیار، محبت کے فروغ اور اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے مثبت اور خاموش مبلغ کی طرح کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہمیں قرآن و سنت کی روشنی میں اور اولیا اللہ کی تعلیمات کے مطابق اسلامی اقدار کا تحفظ کرنا ہوگا۔ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے کہا کہ عالمی برادری کو حضور نبی کریمﷺ سمیت بزرگان دین اور اولیا اللہ کا احترام یقینی بنانا ہوگا۔ آئندہ ہونے والا کنونشن اس حوالے سے اہم پیش رفت ہوگا۔ عالمی سطح پر ایک مثبت پیغام جائے گا۔ مرکزی علما کونسل برطانیہ کے ناظم اعلیٰ نے کہا کہ کنونشن کی کامیابی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ کنونشن اتحاد امت کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ ماضی میں اگر دیکھا جائے تو علامہ شاہ احمد نورانیؒ اور علامہ عبدالستار خان نیازیؒ کی سربراہی میں متعدد کنونشن دیکھے جاسکتے ہیں۔ ان کے مثبت اثرات آج تک محسوس کیے جاسکتے ہیں۔ یہ کنونشن بھی ماضی کی یادیں تازہ کرے گا۔ حافظ محمد فاروق چشتی نے کہا کہ کنونشن کے انعقاد سے قبل ہی مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں، جو اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ امت اتحاد کیلئے تیار کھڑی ہے۔ کوئی کال تو دے اور اب پیر نورالعارفین صدیقی نے ابتدا کی ہے۔ 12جنوری کو ایک نئی تاریخ مرتب ہوگی۔
تازہ ترین