• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپ میں فروغ اسلام کیلئے علما نے بہت کام کیا، پیر سلطان العارفین

برمنگھم (ابرار مغل) جامع مسجد قادریہ ٹرسٹ برمنگھم میں مفتی اعظم برطانیہ مفتی گل رحمن قادری کی صدارت اور صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن قادری کی نگرانی میں محی الدین اسلامک یونیورسٹی و میڈیکل کالج پاکستان کے چانسلر اور دربار عالیہ نیریاں شریف آزاد کشمیر کے سجادہ نشین ڈاکٹر صاحبزادہ پیر سلطان العارفین صدیقی کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ اس تقریب میں حاجی محمد رمضان قادری، قاری محمد شبیر الحسنی، علامہ حافظ محمد سعید مکی، حاجی ذوالفقار احمد، قاری تنویر اقبال قادری، علامہ حنیف الحسنی، صاحبزادہ پیر مصباح المالک، علامہ ضیاء الاسلام، حاجی عبدالمجید قادری، خلیفہ حاجی شبیر، حافظ ناصر محمود صدیقی، حاجی محمد منیر اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ صاحبزادہ پیر محمد طیب الرحمن نے صاحبزادہ پیر سلطان العارفین صدیقی کا برطانیہ آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پیر علائو الدین کے ادھورے مشن کی تکمیل کے لیے ان کے جانشین صاحبزادہ پیر سلطان العارفین صدیقی برطانیہ بھر کے دورے پر ہیں۔ 3فروری کو عرس پیر علائو الدین میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔ صاحبزادہ پیر سلطان العارفین صدیقی نے کہا کہ سرزمین یورپ میں ہمارے اکابرین اور علما و مشائخ نے فروغ اسلام کے لیے بے پناہ کام کیا ہے۔ مرشد گرامی مرحوم پیر علائو الدین صدیقی نے مغرب می آباد مسلمانوں کو یکجا کرکے ان میں اجتماعیت پیدا کرنے کے لیے تاریخ ساز کردار ادا کیا ہے اور ان کے اسی سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے ہر سال برطانیہ آتا ہوں۔ مفتی گل رحمن قادری اور دیگر نے کہا کہ پیر علائو الدین صدیقی کی وفات کے بعد پیدا خلا کو پیر سلطان العارفین صدیقی نے پُر کردیا ہے۔ دینی، تعلیمی، فکری اور مذہبی میدانوں میں والد گرامی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ اس موقع پر پیر سلطان العارفین صدیقی نے جامع مسجد قادریہ ٹرسٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ان کے کام اور خدمات کو سراہا۔ شرکا میں3فروری کو ہونے والے عرس کے دعوت نامے بھی تقسیم کیے گئے جب کہ اس موقع پر حاجی محمد رمضان نے قادریہ ٹرسٹ کے زیراہتمام رحمانیہ مسجد کی تعمیر کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صاحبزادہ پیر سلطان العارفین صدیقی نے اس مسجد کی تعمیر کے اقدام کو سراہا اور اس کو برمنگھم میں فروغ اسلام کے لیے اہم پیش رفت قرار دی۔ استقبالیہ تقریب کے آخر میں مفتی گل رحمن قادری نے خصوصی طور پر دعا کروائی۔
تازہ ترین