• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیٹن چاقو زنی :مقتول جیڈن مودی نئی زندگی کیلئے لندن منتقل ہوا تھا

لندن ( نیوز ڈیسک ) ایک یوتھ ورکر کے مطابق ایک ٹین ایجر جسے شمالی لندن میں قتل کر دیا گیا تھا وہ ’’ ایک نئے آغاز‘‘ کیلئے دارلحکومت منتقل ہوا تھا۔ 14سالہ جیڈن مودی کو منگل کے روز بکلے روڈ ، لیٹن میں موپیڈ سے ٹکر مارنے کے بعد حملہ ااوروں نے چاقو کے متعدد وار کر کے قتل کر دیا تھا ، پولیس کو یقین ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ ہے۔پولیس کو بدھ کے روز ایک کار ملی ہے جس کے بارے میں اسے یقین ہے کہ کار قتل میں استعمال کی گئی تھی۔ ایک یوتھ پروجیکٹ ’’سوئچ اپ‘‘ کو چلانے والےمارسیلس باز نے بتایا کہ جیڈن نے ’’اپنی زندگی ہی تبدیل کر لی تھی‘‘۔میٹ پولیس کے مطابق جیڈن کے قتل پر اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہو سکی ہے۔ٹین ایجر اور اس کی ماں حال ہی میں ناٹنگھم سے اپنے قریبی عزیزوں کے پاس لندن منتقل ہوئے تھے۔ مسٹر باز نے بتایا کہ اس کی جیڈن سے پہلی ملاقات اسے دوستوں کے ہمراہ ناٹنگھم کی سڑکوں پر سماج مخالف سرگرمیوں اور چاقو کے زور پر ہونے والے جرائم میں ملوث ہونے کے دوران ہوئی ۔ مسٹر باز نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے جیڈن کو ایک طویل المدتی یوتھ پروگرام میں شرکت کی دعوت دی تو اس نے لندن منتقل ہونے اور ایک نئے آغاز پر خوشی سے آمادگی ظاہر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیڈن ایک قابل احترام ، وفادار اور اپنی زندگی تبدیل کرنے کا خواہشمند نوجوان تھا۔
تازہ ترین