• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیبل پر بلا لائسنس مذہبی چینلز، اکثر حکم امتناع پر ہیں

لاہور( عمران احسان )پاکستان میں کیبل پر بلا لائسنس مذہبی ٹی وی چینلز کی بھرمار ہے۔پیمرا ذرائع نے بتایا ہے کہ21 کے لگ بھگ مذہبی چینل اپنی نشریات جاری رکھے ہوئے ہیں جنہوں نے لائسنس حاصل نہیں کیا ۔ ان میں 12 مسیحی اور 9 اسلامی چینل شامل ہیں جوسعودی عرب ، دبئی اور دیگر ممالک سے بذریعہ ڈش کیبل پر دکھائے جارہے ہیں۔ دس سال قبل کیو ٹی وی اور چھ برس قبل مدنی ٹی وی کو پیمرا کی جانب سے نوٹس جاری کئے گئے تھے جس پر انہوں نے عدالت سے رجوع کرلیا تھا اور وہ ابھی تک حکم امتناعی پر اپنی نشریات جاری رکھے ہوئے ہیں۔نئی حکومت آنے کے بعد بھی یہ سلسلہ نہیں رک پایا۔ دیگربلائسنس اسلامی چینلز میں السنت ٹی وی، القرآن کریم مباشر،تلاوت ٹی وی،پیغام ٹی وی، پیس ٹی وی، حق ٹی وی اور ہادی ٹی وی شامل ہیں ۔پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے مذہبی چینلز کیلئے کوئی واضح پالیسی نہ ہونے کی و جہ سے پہلے کیبل پر اسلامی چینلز بلائسنس چلنا شروع ہوئے اس کے بعد مسیحی چینلز کی بھر مار ہوگئی۔ جن پر متنازعہ قسم کی گفتگو بھی کی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں کوئی فساد بھی ہوسکتا ہے۔بلا لائسنس نشریات جاری رکھنےوالے بارہ مسیحی چینلز میں جیسس ٹی وی، برکت ٹی وی، اسحاق ٹی وی،نور ٹی وی،گواہی ٹی وی، گاڈ بلیس ٹی وی ، پریز ٹی وی، زندگی ٹی وی،شائن ٹی وی،ہیلنگ ٹی وی،خوشخبری ٹی وی اورکیتھولک ٹی وی شامل ہیں۔ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے متعدد ناظرین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کا نو ٹس لیا جائے اور صرف ان مذہبی چینلز کو اپنی نشریات جاری رکھنے کی اجازت ہونی چاہیے جن پر جید عالم اورمصدقہ مبلغین آئیں اور کسی قسم کا تنازع کھڑا نہ ہو۔

تازہ ترین