• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی فوجی عدالتوں کی مدت بڑھانےکیلئے ووٹ نہیں دیگی،مصطفیٰ کھوکھر

کراچی(جنگ نیوز)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے کہا ہے کہ نیب وزیراعظم کیخلاف تحقیقات کرتا ہے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہیلی کاپٹر کیس کی تحقیقات مشکل کام نہیں اس کیلئے برسوں لگانے کی ضرورت نہیں ہے، نیب نے شاید اپنے ذمہ بہت زیادہ بوجھ لے لیا ہے، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو نااہل کرنے کیلئے صحیح فورم قومی اسمبلی ہے، کسی رکن کو نااہل کرنے کیلئے درخواست اسپیکر قومی اسمبلی کو جانی چاہئے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کی توسیع کیلئے ووٹ نہیں دے گی،چیئرمین نیب کے صوابدیدی اختیارات کا اطلاق صرف اپوزیشن پر ہورہا ہے۔ن لیگ کے رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت کو اپنی باری آتی نظرا ٓرہی ہے اس لئے نیب قانون میں اصلاحات کا بل لارہی ہے، پیپلز پارٹی کے سیاسی داؤ پیچ سمجھ نہیں آتے کہ کیسے حکومت ان کے سامنے بالکل بیٹھ جاتی ہے۔ میزبان حامد میر کا کہنا تھا کہ آج اسد عمر نے ہمیں بتایا کہ تجارتی خسارے میں کمی کے آثار پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں، دسمبر 2017ء کے مقابلہ میں دسمبر 2018ء میں ایکسپورٹس میں ساڑھے 5فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ امپورٹس میں 8.9فیصد کمی ہوئی ہے، تجارتی خسارے میں کمی سے 550ملین ڈالر کی بچت ہوئی ہے۔ شفقت محمود نے مزید کہا کہ ہیلی کاپٹر کیس کی تحقیقات کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے، صرف خیبرپختونخوا حکومت سے اعداد و شمار لینا ہیں کہ سرکاری ہیلی کاپٹر کی کتنی فلائٹس ہوئیں جس میں عمران خان بطور پارٹی لیڈر گئے اور ان کے ساتھ خیبرپختونخوا کا کوئی وزیر، مشیر یا وزیراعلیٰ موجود تھا یا نہیں، اتنی سی معلومات کیلئے سالہا سال تحقیقات کرنے کی ضرورت نہیں نظر آتی، اب تک ہیلی کاپٹر کیس میں نتیجہ سامنے آجانا چاہئے تھانیب میں پندرہ پندرہ سال پرانی انکوائریز التواء میں پڑی ہوئی ہیں، نیب سرکاری پوزیشن کا استعمال کر کے ناجائز دولت اکٹھی کرنے والوں کیلئے بنی تھی لیکن اب پرائیویٹ پارٹیز کی ڈیلنگ میں بھی کارروائی کررہی ہے۔
تازہ ترین