• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ میں نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی داخلہ فہرست جاری، تدریسی عمل تاخیر کا شکار

کراچی(سید محمد عسکری) سندھ میں نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی داخلہ فہرست جاری کردی گئی ہے اور پہلی مرتبہ مرکزی سطح پر داخلے دیئے جانے کے باعث نہ صرف تدریس کا عمل تاخیر کا شکار ہوگیا ہے بلکہ پنجاب، بلوچستان، خبیرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کے طلبہ سندھ میں داخلوں سے محروم رہ گئے ہیں اور بیرون سندھ ایک طالبعلم بھی داخلہ لینے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ جناح سندھ میڈیکل کالج کے پروفیسر اور داخلہ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عرفان اشرف نے جنگ کو بتایا کہ 10 میڈیکل کالجوں اور 10ڈینٹل کالجوں میں تقریبا ایک ہزار داخلے دیئے گئے ہیں ہمدرد یونیورسٹی کی میڈیکل اور ڈینٹل کالج اور بقائی میڈیکل کالج میں پی ایم ڈی سی کی ہدایت کی روشنی میں داخلے نہیں دیئے گئے ہیں کیوں کہ ان کالجوں میں مطلوبہ سہولتیں نہیں تھیں ان کالجوں نے عدالت میں مقدمہ کررکھا ہے اگر فیصلہ ان کے حق میں آیا تو داخلے دے دیئے جائیں گے ورنہ داخلے نہیں ہوں گے۔ ڈاکٹر عرفان اشرف نےبتایا کہ تمام داخلے سندھ کے طلبہ کو دیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے نشستیں نہیں بچی ہیں ابھی 15جنوری فیس جمع کرانے کی تاریخ دی گئی ہے اس کے بعد اگر نشتیں بچیں تو وہ بھی سندھ کے ہی طلبہ کو دی جائیں گی البتہ بیرون ملک مقیم طلبہ کے لیے داخلہ فہرست بعد میں جاری کی جائے گی انھوں نے کہا کہ آغا خان میڈیکل کالج کے داخلے ہم نے نہیں کیے انھوں نے خود اپنے داخلے کیے ہیں۔ ڈاکٹر عرفان اشرف نے مزید بتایا کہ داخلہ فیس 50ہزار جبکہ ٹیوشن فیس ساڑھے نو لاکھ روپے مقرر ہے اور ٹیکس اس کے علاوہ ہے انھوں نے مزید کہا کہ کلاسیں داخلوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد فروری سے ہی ممکن ہوسکے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال سندھ میں نجی میڈیکل کالجز نے اپنے طور پر داخلے دیئے تھے جس کی وجہ سے بیرون صوبہ کے طلبہ بھی داخلہ لے پائے تھے اور اس وقت چند ایک میڈیکل کالجز کے علاوہ اکثر میڈیکل کالجز کی ٹیوشن فیس ساڑھے چھ سے سات لاکھ روپے تھی جبکہ نومبر میں کلاسوں کا بھی باقاعدہ آغاز ہوگیا تھا۔
تازہ ترین