• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور بار کے انتخابات کل ہونگے،صدارت کیلئے 3امیدواروں میں مقابلہ

لاہور(خبرنگارخصوصی)لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل بروزہفتہ ہونگے۔ الیکشن بورڈ کے مطابق بار کے تقریباً 19 ہزار رجسٹرڈ ووٹرز میں سے بائیو میٹرک سے تصدیق شدہ صرف 8 ہزار ایک سو ووٹرز ووٹ کاسٹ کر سکیں گے ۔ گزشتہ سال 7ہزار 2 سو چار ووٹرز نے بائیو میٹرک تصدیق کروائی تھی جبکہ اس سال 8 ہزار ایک سو ممبران بائیو میٹرک تصدیق کروانے والے ووٹرز انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں مختلف نشستوں پر 32 امیدوار مدمقابل ہیں۔ پولنگ صبح نو بجے سے لے کر شام پانچ بجے تک جوڈیشل کمپلیکس میں ہو گی۔چیئرمین الیکشن بورڈ نے سالانہ انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے لئے ڈی آئی جی آپریشنز کو مراسلہ لکھ دیا ہے۔ صدر کی سیٹ پر تین امیدوار مد مقابل ہیں جن میں چوہدری اویس احمد قاضی، خواجہ نئیر اور محمد عاصم چیمہ شامل ہیں۔ نائب صدر کی نشست پر 6 امیدواراعجاز بسرا، بابر ہمایوں چوہان، پرویز سلہری، رانا آصف، رانا محمد نعیم اور عمران ملک میں مقابلہ ہو گا۔ سیکرٹری کی اہم ترین نشست پر کل 8 امیدوار میدان میں ہیں جن میں آصف شاکر، ابرار حسین چوہدری، پیر سید فرید الحق چشتی، مدثر بٹ، ریحان احمد خان، ملک عدیل احسان، ملک مقصود کھوکھر اور نصیر بھلہ شامل ہیں۔ جوائنٹ سیکرٹری کے لئے تحسین طاہر گجر، راجہ فیصل شہزاد، ضرغام وحید بٹ، میاں اسامہ اور میاں غلام مصطفے مقابلے پر ہیں۔ فنانس سیکرٹری کے لئے راجہ نعمان علی اور نعیمہ مشتاق شیخ میں ون ٹو ون مقابلہ ہو گا۔ لائبریری سیکرٹری کی نشست کے لئے سمیع اللہ خان اور میاں رضا محمود میں جوڑ پڑے گا۔ نائب صدر ماڈل ٹاون کی نشست پر چوہدری شبیر خان اور سید مجتبی کاظمی میں کانٹے کا جوڑ پڑنے کا امکان ہے جبکہ نائب صدر کینٹ کی نشست پر رانا منظور احمد اور میاں سخاوت علی مدمقابل ہیں۔ آڈیٹر کی نشست پر چوہدری عمران رفیق بھنڈارہ اور مرزا اصغر بیگ میں جوڑ پڑا ہوا ہے۔ ممبر ایگزیگٹو کی نشست کے لئے دس امیدوراروں میں سے 7 بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں جن میں تنویر احمد خاں، رجب علی، عمیر چوہدری، لیاقت علی سعید، مشرف انور قاضی، ملک محسن قیوم اور نیک محمد چوہدری شامل ہیں۔
تازہ ترین