• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ موسمیات نے آج سے کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آج کراچی سمیت سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔

شہر قائد میں صبح ہونے والی خنکی میں بھی واضح کمی آئی ہے، شہر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے، صبح سویرے شہر میں کہر چھایا ہوا ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ 3کلومیٹر ہے۔

کراچی میں صبح سویرے بادلوں نے آنکھ مچولی کی، محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا امکان ہے، تاہم شہر میں آئندہ 24گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں سرد رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شمال مشرق سےہوائیں 18کلومیٹرفی گھنٹاکی رفتار سےچل رہی ہیں،ہوا میں نمی کا تناسب 77فیصد ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں رات گئے ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم مزید سرد ہوگیا، اسلام آباد میں موسم خشک اور سرد ہے، سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔

لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، کمالیہ، مانسہرہ اور نوشکی میں گزشتہ رات ہلکی بارش ہوئی، مری، استور، دیر بالا، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور بالائی علاقوں میں برف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

گلگت بلتستان کے ضلع استور میں ایک بار پھر برف باری شروع ہوگئی ہے، جس کے باعث استور کے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد،ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

تازہ ترین