کراچی کے علاقے کلفٹن میں چینی قونصلیٹ کے باہر دہشت گردی کی واردات کے سلسلے میں پولیس نے تفتیش مکمل کرلی ہے۔
چینی قونصلیٹ پر حملے کی تفصیلات آج کراچی پولیس چیف ایک پریس کانفرنس میں جاری کریں گے۔
گزشتہ برس 23 نومبر کو کار میں کلفٹن پہنچنے والے 3 دہشت گردوں نے چینی قونصلیٹ پر بموں سے حملہ کیا اور شدید فائرنگ کی تاہم پولیس اور دیگر اداروں کی بھرپور جوابی کارروائی کی بنا پر ملزمان قونصلیٹ کی عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے اور تینوں دہشت گرد پولیس کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔
حملے کے دوران دو پولیس اہلکار اور کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹا شہید ہوگئے تھے۔
پولیس نے اب تک کی تفتیش کے دوران ملزمان کے سہولت کاروں کا سراغ لگایا، ملزمان کہاں سے آئے؟ کہاں تیار ہوئے؟ کس نے کس موقع پر ان کی کیا کیا مدد کی؟ گاڑی کس نے فراہم کی؟ تمام کرداروں کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس سلسلے میں تفصیلات شواہد کے ساتھ آج سہہ پہر میڈیا کے ذریعے عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔