• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہت سے طلبا امتحان کی تیاری کرنے کےبجائے سر پر اس کی فکر سوار کرلیتے ہیں، حالانکہ جو وقت وہ فکرمندی میں گزارتے ہیں اگر اپنی تیاری میں گزاریں تو افاقہ ہو سکتاہے۔ تجربہ کار لوگ کہتے ہیں کہ فائنل امتحان کی تیاری کے لیے روزانہ پڑھنے کا معمول بنالیں اور امتحان سے تین ہفتے قبل بھرپور طریقے سے تیاری شرور کردیں۔ وہ دو اصولوں پر عمل کرنے کا مشورہ بھی دیتے ہیں :

1۔ امتحا ن اچھے طریقے سےدینا ہے

2۔ اسٹریس کو کم سے کم رکھنا ہے

امتحا ن کے دنوں میں طلبا اکثر لائبریری میں دیر تک بیٹھے نظرآتے ہیں یا کینٹین میں بیٹھے کیفین سے بھرے مشروبات پیتے ہیں اور اسنیکس سے دل بہلاتے ہیں یاپھر کتابیں اور نوٹس ازبر کرنے کی سوچ میں غلطاں پڑھائی کیلئے اچھی سی جگہ ڈھونڈ رہے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈھنگ سے پورے ہفتے نیند بھی نہیں لے پاتے۔

اسٹریس لیول کو سمجھیں 

یہ بات بھی اہم ہے کہ اگر آپ اسٹریس نہیں لیں گے تو پھر اپنی تیاری کیسے کریں گے ، ہاں البتہ اسٹریس کو اپنے اوپر حاوی مت کیجئے۔ ہمارے لئے اسٹریس کا ایک آئیڈیل لیول ہونا چاہئے، جو ہمیں بہتر کام کرنے میں مدد دے۔ اسٹریس کا آئیڈیل لیول اسٹریس بہترین کام کرنے کی طرف راغب کرتاہے لیکن اگر بہت زیادہ اسٹریس لیں گے تو آپ کا ذہن کام کرنا چھوڑ سکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم آئیدیل اسٹریس لیول کو تلاش کرنے کی کوشش کریں اور پھر اس کے ساتھ رہنے کی کوشش کریں۔ امتحانات میں اچھے نمبر لانے کے لیے اندرونی اسٹریس کے علاوہ بیرونی اسٹریس بھی ہوتا ہے، جو کہ سماجی زندگی کا ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے طلبا دونوں اسٹریس کو علیحدہ نہیں رکھ پاتے اور پڑھائی کے اسٹریس کے بجائے بیرونی اسٹریس کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔

فائنل امتحانات میں  بہترین کارکردگی کیلئے آپ کوکچھ بنیادی باتوں پر عمل کرنا ہوگامثلاً مستعد رہیں، اچھی طرح ریسٹ کریں اور بھرپور ناشتہ کریں۔ ان چیزوں میں ایک اور اضافی یا کارآمد نصیحت بھی اپنے پلے باند ھ لیں کہ ہر وقت کتابی کیڑا نہ بنے رہیں بلکہ اپنے لئے بھی کچھ وقت نکالیں۔ اس حوالے سے کامیاب طلبہ کچھ مشورے دیتے ہیں، جس سے اسٹریس کم اور کارکردگی زیادہ ہو سکتی ہے۔

غیر نصابی سرگرمیاں

بہت سے ادارے اپنے طلبا کے اسٹریس کو دور کرنے کیلئے آخری ہفتوں کے دوران کچھ ایونٹس کا انعقاد کرتے ہیں۔ آپ ان میں شریک ہوں اور اگر ادارہ ایسا نہیں کررہاتو طلبا خود بھی اپنے اسٹریس کو دور کرنے کیلئے تفریحی، معلوماتی اور کورس سے متعلق پروگرامز کا انعقاد کر سکتے ہیں۔آپ اپنے ادارے کے طلباکو ساحل سمند رپر یوگا کی سرگرمی کے لیے لے جاسکتے ہیں۔ آرٹ تھراپی، سلائی کڑھائی، کریون آرٹ ، مہندی لگانے کا مقابلہ ، والی بال اور کرکٹ جیسی سرگرمیوں اور پروگراموں کا انعقاد کرکے امتحانات کا اسٹریس دور کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ میوزیکل کنسرٹس کرواسکتے ہیں، اس سلسلے میں اسکول یا یونیورسٹی انتظامیہ کی اجازت لیں اور ان کے ساتھ مل کر انتظامات کریں تو یہ کام اور بھی آسان ہو جائے گا۔

اس حوالے سے آپ موسم کی مناسبت سے بھی اپنے پروگرامز یا سرگرمیوں کا انعقاد کرسکتے ہیں، جیسے اگر آپ کے امتحانات سردیوں  میں  آرہے ہیں تو سردیوں کی شاموں میں گرما گرم باربی کیو یا سی فوڈ پارٹی آپ کے اسٹریس کو دور کرنے میں اکسیر کا کام کرےگی ۔ گرمیوں  میں طلباساحل سمند ر کا رخ کرکے اپنے اسٹریس کوسمندر برد کرسکتے ہیں۔ اگر تین گھنٹے کا ٹائم فلم دیکھنے کیلئے نکالا جاسکتاہے تو ایک تفریحی فلم دیکھنے سے بھی آپ کا اسٹریس کافی حد تک کم ہو سکتا ہے۔

گروپ اسٹڈیز کی طرح گروپ میں نکل کر سائیکلوں پر چھوٹا سا ٹور کیا جاسکتاہے۔گروپ ایکسرسائز کیلئے جم جوائن کیا جاسکتاہے اور ایک دوسرے کی مدد سے مختصر مدت کیلئے ہلکی پھلکی ایکسرسائز سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔ ایکسرسائز کرنے سے آپ کو اپنے کام پر فوکس کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ٹریڈ مل پر واکنگ اور سائیکلنگ کرتے ہوئے آپ کتاب یا نوٹس کا مطالعہ بھی کرسکتے ہیں۔

غذا کا خیال رکھنا

اکثرطلبا فائنل امتحانات کے دنوں میں اپنے غذائی معمولات کو تہہ وبالا کردیتے ہیں اور بنا سوچے سمجھے غیر صحت بخش غذائوں سے پیٹ بھرتے رہتے ہیں۔ پڑھائی کے دوران جب ان کو بھوک لگتی ہےتو وہ کتابوں پر نظریں جمائے بنا سوچے سمجھے فریج سے چیزیں نکال کر کھالیتے ہیں، جس سے ان کا معدہ متاثر ہونے یا تیزابیت کا خدشہ ہوتاہے۔ اس سے توجہ و ارتکاز متاثر ہوتاہے اور جب آپ فوکس نہیں کرپاتے تو اسٹریس میں اضافہ ہونے لگتاہے۔

صحت بخش غذائوں کو وقت پر کھانے سے آپ کا معدہ بھی سکون میں رہتاہے اور آپ کا ارتکاز بھی متاثر نہیں ہوتا ۔ اس سلسلے میں آپ کو صحت بخش اسنیکس کی فہرست بنانی ہوگی اور اس کیلئے ایک وقت مقرر کرکے انہیں استعمال کرنا ہوگا ۔ا گر آپ کو صحت بخش غذائوں کے انتخاب کا مسئلہ ہے تو سب سے بہترین اسنیکس پھل او ر سبزیاں ہیں، جن میں غذائیت بھی ہوتی ہےاور یہ آپ کو بیماریوں سے بچانے کے ساتھ ساتھ توانائی بھی فراہم کرتے ہیں۔

تازہ ترین