• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک، بھارت آبی مسئلے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کا تنازع حل کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔

وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا کے مطابق پاکستان کی درخواست پر بھارت نے دریائے چناب پر منصوبوں کے معائنے کی درخواست قبول کرلی ہے۔

فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بحیثیت وفاقی وزیر اپنی تین رکنی ٹیم کو معائنے کے لیے بھارت روانگی کی ہدایت کردی ہے، جو 27 جنوری سے یکم فروری تک منصوبوں کا معائنہ کرے گی جب کہ پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ کریں گے۔

وفاقی وزیر نے بھارت کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بھارت دیگر حل طلب مسائل پر بھی بات چیت پر آمادہ ہو گا۔

دوسری جانب انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ کا کہنا ہے کہ وفد دریائے چناب پر بننے والے منصوبے لوئر کلنائی اور پاکل دل کا معائنہ کرے گا۔

انڈس واٹر کمشنر کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھر پور آواز بلند کی ہے، بھارتی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا وفد کے ہمراہ گزشتہ برس پاکستان آئے تھے۔

تازہ ترین