• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو کے وزراء سے سوالات، ناقص کارکردگی پر برہم

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ایکشن میں آگئے،سندھ کے وزراء سے کارکردگی پر سوالات کئے اور محکمہ ٹرانسپورٹ کی ناقص کارکردگی پربرہم ہوگئے۔

بلاول بھٹو نے سندھ کابینہ کا غیر سرکاری اجلاس بلایا،جس میں تمام وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی سے 5 ماہ کی کارکردگی پوچھی۔

چیئرمین پی پی کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس 5 گھنٹے جاری رہا، جس میں پہلے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی اور پھر باری باری تمام وزراء سے بریفننگ لی اور سوالات کئے۔

بلاول بھٹو محکمہ ٹرانسپورٹ کی ناقص کارکردگی پر برہم ہوگئے، انہوں نے کہا کہ 10 برس سے محکمے نے کوئی کام نہیں کیا، تمام صوبائی وزرا کام کریں تاکہ پیپلز پارٹی الیکشن سے قبل عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرسکے۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے اجلاس کے دوران ہی میڈیا کو بریفنگ میں بتایا کہ پارٹی چیئرمین نے صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی اور تھرپارکر میں میڈیکل کالج قائم کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران بلاول بھٹو زرداری کئی محکموں کی کارکردگی پر ناخوش ہوئے اور کہا کہ اب صرف پرفارمنس دکھانی ہو گی۔

انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 برسوں میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں حکومت نے کیا کام کیا؟

بلاول بھٹو نے استفسار کیا کہ گورکھ ہل منصوبہ کیوں مکمل نہیں ہوا، وزیراعلیٰ نئی ٹیم کے ساتھ اس سندھ کے سیاحتی مقام کو بہتر بنانے کیلئے میدان میں آئیں۔

انہوں نے ہدایت دی کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کے لئے فوری اور ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔

بلاول بھٹو نے سندھ کے وزراء سے مستقبل کے منصوبوں سے متعلق بھی دریافت کیا اور ہدایت دی کہ وزراء عوامی فلاح کے منصوبوں پر دن رات کام کریں تاکہ پی پی الیکشن سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر سکے۔

تازہ ترین