• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کھانوں کا مزہ دوبالا....پڈنگ، ٹرائفل، موز اور کسٹرڈ سے

کوئی دعوت ہو یا شادی بیاہ ہمارے ہاں ہر تقریب میں مرچ مصالحوں سے بنے کھانوں کے بعد میٹھا ضرور کھایا جاتا ہے۔ہمارے روایتی میٹھوں میں کھیر،حلوہ اور زردہ بنایا جاتا ہے۔مگر اب نئی نئی سویٹ ڈشز پسند کی جارہی ہیں جن میں پڈنگ،ٹرائفل،موز اور کسٹرڈ بہت مقبول ہیں۔ان کی چند تراکیب ملاحظہ فرمائیں۔

چاکلیٹ اورنج پڈنگ

اجزاء۔

سنگترہ۔ ایک عدد (چھلاہوا اور ایک چوتھائی کپ جوس)

کوکو پاؤڈر۔ پچھتر گرام

میدہ۔ ایک سو پچاس گرام

بادام۔ ایک سو پچاس گرام (موٹے پسے ہوئے)

انڈے ۔دو عدد

دودھ۔ ایک سو پچہتر ملی لیٹر

بران شوگر ۔ایک سو پچاس گرام

مکھن۔ ایک سو پچاس گرام

ونیلا ایسنس۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چٹکی

سیرپ کے لئے:

سنگترہ ۔دو عدد

ونیلا بینز۔ ایک عدد (لمبائی میں آدھا کٹا ہوا)

کاسٹر شوگر۔ سوا کپ

پانی ۔تین سو ملی لیٹر

ترکیب۔

اوون کو ایک سو ستر ڈگری سینٹی گریڈ پر گرم کرلیں۔

اڑھائی سو ملی لیٹر والے چھ ریمکنز کو مکھن کے ساتھ گریس کرلیں۔

ایک سنگترے کو چھ گول سلائس میں کاٹ کر ہر ایک کو ریمکنز میں رکھ دیں۔

باقی کے سنگترے کا جوس نکال لیں یہ تقریباً تین چوتھائی کپ جوس بن جائے گا۔

اب ایک سوس پین میں جوس، ونیلا بینز، کاسٹر شوگر اور پانی ڈال کر ہلکی آنچ پر پکا لیں تاکہ چینی حل ہوجائے۔

آنچ کو تیز کرلیں تاکہ ابال آجائے اور اسے دس منٹ تک مزید ابال لیں تاکہ مکسچر آدھا رہ جائے اور گاڑھا ہوکر ایک سیرپ کی شکل میں آجائے اب ونیلا بینز کو نکال لیں۔

اب سیرپ کو ہر ریمکنز میں ڈیڑھ سینٹی میٹر تک بھر دیں اور ریمکنز کو فریج میں سیٹ کرکے رکھ دیں۔

پڈنگ کے لئے:پڈنگ کے تمام اجزاء کو ایک بڑے پیالے میں ڈال کر الیکٹرک بیٹر کی مدد سے مکس کرلیں یہاں تک کہ مکسچر یکساں ہوجائے۔

اب مکسچر کو ریمکنز کے اوپر ڈال دیں اور چمچ کی الٹی سائیڈ سے مکسچر کو ہموار کرلیں۔

ریمکنز کو ایک بڑے گہرے کناروں والی بیکنگ ڈش میں رکھ دیں اور بیکنگ ڈش میں اتنا گرم پانی ڈالیں کہ ہر ریمکنز کے آدھے حصے تک پانی پہنچ جائے۔

بیکنگ ڈش کو ایلومینیم فوائل پیپر کی مدد سے پوری طرح لپیٹ دیں۔

اسے اوون کی درمیانی شیلف پر پینتالیس سے پچاس منٹ تک بیک کرلیں۔

پھر اوون سے نکال لیں۔

اب ہر ایک ریمکنز پر سرونگ پلیٹ رکھ کر اسے احتیاط سے پلٹ لیں۔

باقی بچے سنگترے کے جوس کو ہر پڈنگ کے اوپر ڈال دیں۔

ونیلا آئس کریم کے ساتھ سرو کریں۔

مینگو کولاڈا موز

اجزاء۔

آم ۔ایک کپ (کٹے ہوئے)

انڈے۔ تین عدد (سفیدی زردی الگ الگ)

جیلاٹن ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ (ایک چوتھائی کپ مینگوجوس میں گھولا ہوا)

کاسٹر شوگر۔ چار اونس

مینگو جوس۔ ایک چوتھائی کپ

کریم ۔آٹھ اونس (پھینٹی ہوئی، تازہ)

کوکونٹ ملک ۔آدھا کپ

کوکونٹ۔ تین کھانے کے چمچ (خشک)

کریم ۔سجاوٹ کے لئے (پھینٹی ہوئی)

کوکونٹ فلیکس ۔سجاوٹ کے لئے

ترکیب۔

انڈے کی زردی اور کاسٹر شوگر کو پھینٹ لیں یہاں تک کہ ہلکا گاڑھا اور کریمی ہوجائے۔

پھر اس میں مینگو جوس، جیلاٹن اور کوکونٹ ملک شامل کردیں۔

اب انڈے کی سفیدی کو پھینٹ لیں یہاں تک کہ سخت ہوجائے۔

پھر انڈے کی سفیدی، کریم اور کوکونٹ کو انڈے کی زردی والے مکسچر میں شامل کردیں۔

پھر سرونگ پیالے میں کٹے آم کے ٹکڑے پھیلا کر اوپر موزے مکسچر ڈال دیں۔

ٹھنڈا ہونے کےبعد فریج میں رکھ دیں یہاں تک کہ سیٹ ہوجائے۔

پھر کریم اور کوکونٹ فلیکس سے سجا کر پیش کریں۔

آلمنڈ اینڈ رائس کسٹرڈ

اجزاء۔

دودھ۔ آدھا لیٹر

چاولوں کا آٹا۔ ایک چوتھائی کپ

فریش کریم۔ دو کپ

بادام۔ ایک سو گرام (پسے ہوئے)

چینی ۔آدھا پاؤ

آلمنڈ ایسنس۔ چند قطرے

بادام ۔پچیس گرام (باریک کٹے ہوئے)

پستے۔ پچیس گرام (باریک کٹے ہوئے)

ترکیب۔

پہلے ایک پیالے میں آدھا لیٹر دودھ میں سے تھوڑے سے دودھ میں چاولوں کے آٹے کو حل کرکے ایک طرف رکھ دیں۔

اب ایک پین میں باقی بچا دودھ، فریش کریم، بادام کا پاؤڈر اور چینی شامل کرکے پکالیں۔

جب چینی کا دانہ ختم ہو جائے تو چند قطرے آلمنڈ ایسنس اور چاولوں کے آٹے والے مکسچر کو تھوڑا تھوڑا ڈالتے جائیں اور پکاتے جائیں۔

اب اسے اتنا پکالیں کہ خوب اچھی طرح سے گاڑھا ہو جائے۔

پھر اسے الگ الگ گلاسوں میں برابر برابر نکال لیں۔

اوپر سے بادام اور پستے سے گارنش کرکے ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

آئس کریم ٹرائفل

اجزاء۔

پلین اسپنج کیک۔ ایک عدد

فروٹ کوکٹیل سیرپ ۔تین سے چار کھانے کے چمچ

فروٹ کوکٹیل۔ ایک کین

اسٹرابری جیلی۔ ایک پیکٹ (جمی ہوئی)

بنانا جیلی۔ ایک پیکٹ (جمی ہوئی)

اسٹرابری آئس کریم۔ آدھا لیٹر

ونیلا آئس کریم ۔آدھا لیٹر

کریم ۔گارنش کے لیے

ترکیب۔

پلین اسپنج کیک کو سلائس میں کاٹ لیں۔

اب ایک سرونگ ڈش میں کیک کے سلائس کو ترتیب سے لگادیں۔

پھر ان پر فروٹ کوکٹیل کا سیرپ چھڑک دیں۔

اس کے بعد فروٹ کوکٹیل کو اس پرپھیلا کر ڈالیں، ساتھ ہی اسٹرابری جیلی اور بنانا جیلی کو کیوبز میں کاٹ کر پھیلا دیں۔

اوپر سے اسٹرابری آئس کریم کی تہہ لگائیں۔

آخر میں ونیلا آئس کریم کی بھی تہہ لگا دیں۔

اب اسے اچھی طرح جمنے کے لیے فریز کر دیں۔

پھر کریم اور فروٹ کوکٹیل سے گارنش کرکے سرو کریں۔

چاکلیٹ بریڈ اینڈ بٹر پڈنگ

اجزاء۔

ڈبل روٹی کے سلائس۔ چھ عدد

مکھن۔ ایک پیکٹ

رس بیری جام ۔آدھی پیالی

چاکلیٹ اسپریڈ ۔آدھی پیالی

کوکو پاؤڈر ۔دو کھانے کے چمچ

تازہ دودھ۔ ایک پیالی

انڈے ۔چار عدد (پھینٹے ہوئے)

چینی۔ ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)

فریش کریم۔ ایک پیکٹ

ترکیب۔

پہلے ڈبل روٹی کے سلائسز کے کنارے کاٹ کر مکھن اور رس بیری جام لگا دیں۔

اب انھیں درمیان سے کاٹ کر بیکنگ ٹرے میں ذرا سی چکنائی لگا کر پھیلا کر رکھ دیں۔

پھر اس پر چاکلیٹ کی تہہ لگائیں۔

کوکو پاؤڈر کو تھوڑے سے پانی میں حل کرکے تازہ دودھ میں شامل کریں۔

اس کے بعد انڈے اور پسی چینی ملاکر اچھی طرح پھینٹ لیں اور شیٹ کے اوپر پھیلا کر ڈال دیں۔

اوون کو ایک سو اسی ڈگری پر گرم کر لیں۔

تیار سلائس پندرہ منٹ کے لیے باہر رکھ دیں،تاکہ دودھ اچھی طرح جذب ہو جائے۔

اوون ٹرے میں تھوڑا پانی ڈال کر بیکنگ ڈش رکھیں، خیال رہے کہ پانی اندر نہ جائے۔

جب وہ اوپر سے گولڈن براؤن ہو جائے تو نکال کر فریش کریم اور آئس کریم کے ساتھ سرو کریں۔

فلوٹنگ آئی لینڈ ونیلا کسٹرڈ

اجزاء۔

ونیلا کسٹرڈ ۔ڈیڑھ کھانے کا چمچ

دودھ ۔آدھی پیالی

چینی۔ چار سے پانچ کھانے کے چمچ

انڈے کی سفیدی۔ تین عدد

دودھ ۔آدھا لیٹر

کریم آف ٹارٹر ۔آدھا چائے کا چمچ

چینی۔ تین چوتھائی پیالی

چاکلیٹ سوس۔ حسب ضرورت

ترکیب۔

ایک پین میں آدھی پیالی دودھ گرم کرکے اس میں ونیلا کسٹرڈ اور چار سے پانچ کھانے کے چمچ چینی ڈال کر کسٹرڈ تیار کرلیں۔

پھر ڈش میں نکال کر ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔

اب انڈوں کی سفیدی کو کریم آف ٹارٹر میں ڈال کر پھینٹیں۔

جب سفیدی پھول جائے تو تین چوتھائی پیالی چینی بھی شامل کردیں اور مزید پھینٹیں۔

آدھا لیٹر دودھ گرم کریں جب ابال آنے لگے تو چمچ کی مدد سے انڈے کی سفیدی تیز گرم دودھ میں ڈال دیں۔

اسی طرح ساری سفیدی ڈال کر پین کو ڈھک دیں اور تین سے چار منٹ تک پکائیں۔

سفیدی کے چھوٹے گولوں کو چھلنی والے چمچ سے چھان کر ڈش میں پھیلے کسٹرڈ پر ڈال دیں۔

چاکلیٹ سوس سے سجا کر پیش کریں۔

تازہ ترین