• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 12 جنوری ، 2019

برف باری سے جرمنی میں ایمرجنسی، آسٹریا میں الرٹ


شدید برف باری نے ان دنوں یورپی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے،شدید برف باری کے باعث جرمنی میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ آسٹریا میں برفانی طوفان کاالرٹ جاری کر دیا گیا۔

جرمنی کے جنوبی علاقوں میں برف باری کے بعد سڑکوں پر برف کی موٹی تہہ جم گئی، گاڑیاں، سڑکیں اور مکانات سب ڈھک گئے، ٹرینوں کے لیے راستے بند ہوگئے۔

جرمنی میں پانچ اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، برف کی موٹی تہہ جم جانے کے باعث کئی سڑکیں بند ہو گئیں، گھروں کی چھتوں پر جمع برف کو فوج کی مدد سے ہٹایا گیا۔

سڑکوں کے اطراف موجود درخت بھی برف میں چھپ گئے، حادثے سے بچنے کے لیے ہیلی کاپٹر کی مدد سے درختوں پر سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔

ادھر آسٹریا میں 3میٹر تک برف پڑنے کے بعد بعض علاقوں میں برفانی طوفان کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

آسٹریا کے شہر سالزبرگ میں بھی کیا پہاڑ، کیا رہائشی علاقے سب برف سے ڈھک گئے ہیں، شدید برف باری کے باعث سڑکیں بند ہو گئیں۔

حکام نے ٹائلر اور سالزبرگ میں برفانی طوفان کا الرٹ جاری کیا ہے۔

ادھر سوئٹزر لینڈ میں ایک ہوٹل برفانی تودے کی زد میں آگیا ،تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔